’سپر ایٹ تک رسائی پہلا ہدف‘

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی پہلا ہدف ہے تاہم ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری لانی ہوگی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم پانچ جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ اور ہالینڈ کے ساتھ گروپ بی میں ہے۔ٹیم پہلا میچ سات جون کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جب کہ نوجون کو اس کا سامنا لارڈز میں ہالینڈ سے ہوگا۔
انتخاب عالم نے بی بی سی کو دیےگئے انٹرویو میں کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ میں شکست کا کوئی عذر پیش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم تیس مئی کو انگلینڈ پہنچی ہے ظاہر ہے کہ نئے موسم اور حالات سے ہم آہنگ ہونے میں چند روز لگتے ہیں تاہم اس میچ میں جو خامیاں سامنے آئی ہیں انہیں دور کریں گے۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ان کے نزدیک پہلا ہدف ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی ہے۔تاہم فیلڈنگ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم جس طرح کھیلتی آرہی ہے اس سے امید ہے کہ وہ اس ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انتخاب عالم نے کہا کہ یہ بات بہت ضروری ہے کہ ٹیم جلد سے جلد اپنا کامبی نیشن تشکیل دے دے اور وہ صحیح وقت پر کلک کرے۔
انتخاب عالم نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ آپ کے میچ ونرز صحیح وقت پر فارم میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت موسم اچھا ہے اور توقع ہے کہ وکٹیں بھی اچھے اسکور کے لئے سازگار ہوں گی ۔اس کنڈیشن میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا۔
ایک سوال کہ کیا پاکستانی کرکٹرز کے آئی پی ایل نہ کھیلنے سے عالمی کپ کی تیاری پر اثر پڑا ہے؟ اس پر انتخاب عالم نے کہا کہ بہت زیادہ کرکٹ سے کرکٹرز فٹنس مسائل سے دوچار ہوسکتے ہیں لیکن اگر کھلاڑی خود کو فٹ رکھتا ہے تو پھر کوئی مسئلہ نہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف دبئی کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی جیت کے بارے میں سوال پر انتخاب عالم نے کہا کہ ہر جیت ایک نیا حوصلہ دیتی ہے لیکن ہر میچ نئے انداز سے شروع کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح دوسال قبل ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت سے شکست کو بھی کھلاڑی بھول چکے ہیں اور ان کی توجہ اس ٹورنامنٹ پر ہے۔


















