پاکستان نے عالمی چیمپئن کو ہرا دیا

پاکستان ہاکی
،تصویر کا کیپشنپاکستان نے ٹورنامنٹ میں اب تک تین میچ جیتے ہیں
    • مصنف, عبد الرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم نے نویں جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ جونیئر ورلڈ کپ ان دنوں ملائشیا اور سنگاپور میں جاری ہے۔

پاکستانی جونیئر ٹیم کوساتویں منٹ میں ہی ایک گول کے خسارے کا سامنا ہوچکا تھا تاہم پہلے ہاف کے آخری لمحات میں عباس حیدر نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں ارجنٹائن نے پھر ایک گول کی سبقت حاصل کی جسے ساٹھویں منٹ میں محمد عرفان نے ختم کیا۔ میچ ختم ہونے سے چار منٹ پہلے محمد زبیر نے گول کرکے پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔

یہ پاکستان کی اس ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ پہلے میچ میں اس نے روس کو دو کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی جبکہ مصر کے خلاف میچ اس نے تین صفر سے جیتا تھا۔

پاکستانی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہے۔ وہ اپنا آخری گروپ میچ جمعہ کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی۔

عالمی جونیئر کپ کے دوسرے مرحلے میں آٹھ ٹیموں کے دو گروپ بنائے گئے ہیں جن میں سے چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرینگی۔ فائنل اکیس جون کو کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم صرف ایک مرتبہ جونیئر ورلڈ کپ جیتی ہے جب اس نے1979 میں فرا نس میں کھیلا گیا پہلا جونیئر عالمی کپ منظور جونیئر کی قیادت میں جیتا تھا۔ اس کے بعد سے وہ صرف ایک مرتبہ 1993 میں فائنل تک پہنچ سکی ہے۔