رونالڈو 80 ملین پاؤنڈ میں فروخت

کرسٹیانو رونالڈو
،تصویر کا کیپشنکرسٹیانو رونالڈو فٹ بال کی تاریخ کا مہنگا ترین کھلاڑی بن گئے ہیں
وقت اشاعت

برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے رئیل میڈرڈ کی طرف سے پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو خریدنے کے لیے اسی ملین پونڈ کی بولی کو منظور کر لیا ہے۔

سپین کے مشہور کلب رئیل میڈرڈ کی طرف سے ایک کھلاڑی کی خرید پر اتنی رقم کا خرچ ایک ریکارڈ ہے۔ ریل میڈرڈ اسی ہفتے برازیلی کھلاڑی کاکا کواطالوی کلب انٹر میلان سے چھپن ملین پونڈ میں خرید چکا ہے۔اس سے پہلے رئیل میڈرڈ نے کئی سال پہلے فرانسیسی کھلاڑی زیدان کو پینتالیس ملین پونڈ کے عوض خرید کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔

برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے کہا ہے کہ رونالڈو کی درخواست پر انہیں ریل میڈرڈ سے بات چیت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔مانچسٹر یونائیڈ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ رونالڈو کی سپین کے کلب منتقلی سے متعلق معاہدہ تیس جون تک مکمل ہو جائے گی۔

رئیل میڈرڈ موجودہ سیزن میں کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں کر سکا ہے اور بارسلونا کلب سے بڑے مارجن سے ہار گیا تھا۔

ریل میڈرڈ برطانوی کلب لیور پول کے مڈفیلڈر زیبی الانسو، ویلینسیا کے ڈیوڈ ولا اور جرمنی کے کلب بائرن میونخ سے فرینک ربری کو خریدنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس سے پہلے بھی رئیل رونالڈو کو خریدنے کی کوشش کر چکا ہے لیکن ہر بار اسے ناکامی ہوئی تھی۔ مانچسٹر یونائٹیڈ نے فٹ بال کی گورننگ باڈی سے شکایت کی تھی کہ رئیل میڈرڈ نے اس کی اجازت کے بغیر کرسٹیانو رونالڈو بات چیت کی تھی جس پر ریل میڈرڈ کو چھبیس ملین پونڈ کا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

رونالڈو نے ایک سپین کے اخبار مارکا کو بتایا کہ انہوں نے بہتر فیصلہ کیا ہے۔