دھونی کی شائقین سے معافی

انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھارتی کرکٹ شائقین سے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر معذرت کی ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھارتی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی تھی اور اسے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔
لیکن اتوار کے روز بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹورنامنٹ کا ایک اہم میچ ہار گئی اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہو گئے۔
بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کے گھر کے گرد سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں۔ یہ اقدامات ان کے آبائی شہر رانچی میں ان کے خلاف احتجاج کے بعد اٹھائے گئے ہیں۔ احتجاج کے دوران کرکٹ کے شائقین نے ان کا پتلا بھی جلایا۔
بھارتی میڈیا میں بھارتی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر مہندر دھونی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی بیٹنگ کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ ’ان کے بالروں نے عمدہ آغاز کیا اور اننگز کے دوران بانسروں اور شارٹ بالوں کا اچھا استعمال کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے بالروں کی عمدہ کارکرگی کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ میں اضافہ ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی وکٹیں بھی اہم مواقع پر گرتی رہیں۔ ’ہم بیٹنگ میں ناکام رہے اور اس سلسلے میں ہمارے پاس کوئی بہانا نہیں ہے۔‘


















