’باب وولمر کے لیے جیتنا ہے‘

عمر گل نے اپنی عمدہ بولنگ سے دنیا کو حیران کر دیا ہے
،تصویر کا کیپشنعمر گل نے اپنی عمدہ بولنگ سے دنیا کو حیران کر دیا ہے
وقت اشاعت

پاکستان ٹیم کے کپتان یونس خان نے جمعرات کے روز جنوبی افریقہ کے ساتھ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے پہلے کہا ہے کہ ان کی ٹیم اپنی روایتی سست روی کے مرحلے سے باہر نکل چکی ہے اور اب وہ عمدہ کھیل پیش کر رہی ہے۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ وہ اپنے سابق کوچ باب وولمر کے لیے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو جیتنا چاہتے ہیں اور اگر وہ جیت گئے تو یہ جیت باب وولمر کے نام کریں گے۔

جممرات کو پہلا سیمی فائنل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے نوٹنگھم کےمشہور کرکٹ گراونڈ ٹرینٹ برج پر کھیلا جائےگا۔ جنوبی افریقہ نے ایک روز قبل اسی میدان پر انڈیا کو شکست دی تھی۔ جعمہ کو سری لنکا اور ویسٹ انڈیز اوول کے میدان میں پنجہ آزما ہوں گی۔

نوٹنی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل اکیس جون کو لندن کے لارڈز پر کھیلا جائے گا۔

باب وولمر اڑھائی برس تک پاکستان ٹیم کے کوچ رہے ہیں اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے گزشتہ ورلڈ کے دوران جب پاکستان کی ٹیم آئرلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست سے دوچار ہوئی تو وہ ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائےگئے تھے۔ باب وولمر جنوبی افریقہ کے بھی کوچ رہے تھے۔

سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کی کامیابی کے امکانات کے بارے میں کپتان یونس خان نے کہا کہ انہیں باب وولمر کی حکمت عملی کام آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا بیٹنگ میں ان فارم کھلاڑیوں کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی سے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

یونس خان نے کہا کہ سیمی فائنل میں جیتنے کےلیے پاکستان کو پچھلے میچوں کےمقابلے بیس سے تیس رنز زیادہ کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا سیمی فائنل ڈیرہ سو رنز بنا کر نہیں جیتا جا سکتا بلکہ اس کے لیے دو سو کے قریب رنز سکور کرنے ہوں گے۔

یونس خان البتہ اس بات سے انتہائی ناخوش ہیں کہ ان کی ٹیم کو ایک بار پھر شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ یونس خان نے کہا کہ جب پاکستان کے فاسٹ بولر عمر گل نے چار اوروں میں صرف چھ رنز دے کر نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا تو نیوزی لینڈ کے ٹیم کے عہدیداروں نے ایمپائروں سے درخواست کی کہ وہ گیند کا معائنہ کریں۔

باب وولمر
،تصویر کا کیپشنآج بھی باب وولمر بہت یاد آتے ہیں: یونس خان

نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل وٹوی نے کہا تھا کہ انہوں کبھی نہیں دیکھا کہ کوئی فاسٹ بولر صرف بارہ اوور پرانی گیند سے ریورس سوئنگ کرا لے۔

یونس خان نے کہا کہ عمر گل کی کامیابی کی وجہ ان کی محنت ہے اور وہ نیٹ پر انتہائی محنت کرتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ عمر گل نے عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر سے مشاورت کی ہے اور اسی لیے وہ ہر میچ میں پہلے سے عمدہ بولر کے طور پر سامنے آتا ہے۔

عمر گل ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ انہوں نے دو سال قبل جنوبی افریقہ میں کھیلے جانےوالے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ میں سب سے زیادہ تیرہ وکٹیں حاصل کی تھیں اور موجودہ ٹورنامنٹ میں ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

ادھر جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے کہا کہ ان کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف فتح حاصل کرنے کے لیے عمر گل کا توڑ نکالنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے اب تک تمام میچوں کو جیتا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی ٹیم کتنی متوازن ہے اور وہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

گریم سمتھ نے کہا کہ پاکستان کے بولر عمر گل بہت عمدہ بولنگ کر رہے ہیں اور وہ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ پاکستان ان سے اوپنگ کروانے کی بجائے درمیان میں کیوں بولنگ کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کو عمر گل سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضح کرنی ہو گی۔

جمرات کو پہلا سیمی فائنل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے نوٹنگھم کے مشہور گراونڈ ٹرینٹ برج پر کھیلا جائےگا۔ جنوبی افریقہ نے ایک روز قبل اسی میدان پر انڈیا کو شکست دی تھی۔ جعمہ کو سری لنکا اور ویسٹ انڈیز اوول کے میدان میں پنجہ آزما ہوں گی۔

نوٹنی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل اکیس جون کو لندن کے لارڈز پر کھیلا جائے گا۔