سری لنکا دورہ: ٹیسٹ ٹیم میں یوسف شامل

- مصنف, عبد الرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
سری لنکا کے دورے میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے اور مڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف ایک سال کے بعد دوبارہ پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
محمد یوسف نے آخری بار جولائی دو ہزار آٹھ میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے کھیلا تھا جس کے بعد وہ آئی سی ایل کھیلنے بھارت چلے گئے تھے۔
محمد یوسف نے حال ہی میں آئی سی ایل سے معاہدہ ختم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی دستیابی پیش کردی تھی۔
محمد یوسف سے قبل عبدالرزاق بھی آئی سی ایل چھوڑ کر پاکستانی ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں۔
عبوری چیف سلیکٹر وسیم باری نے کپتان یونس خان اور کوچ انتخاب عالم کی مشاورت سے جو ٹیم تشکیل دی ہے اس میں شاہد آفریدی شامل نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے کرکٹ بورڈ سے پندرہ دن کی رخصت مانگی ہے۔ تاہم وہ ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب ہونگے۔
ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں متاثرکن بولنگ کرنے والے سترہ سالہ محمد عامر ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
محمد عامر کے علاوہ فواد عالم، سعید اجمل اور عبدالرؤف ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی۔
ٹیسٹ میچوں کو دیکھتے ہوئے مڈل آرڈر بیٹسمین فیصل اقبال اور لیگ سپنر دانش کنیریا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: یونس خان( کپتان) مصباح الحق، سلمان بٹ، خرم منظور، محمد یوسف، شعیب ملک، کامران اکمل، سعید اجمل، عمرگل، محمد عامر، دانش کنیریا، فواد عالم، عبدالرؤف، عبدالرزاق اور فیصل اقبال۔
پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹونٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ جولائی کو گال، دوسرا ٹیسٹ بارہ سے سولہ جولائی کو پی ساراوانا موتو سٹیڈیم کولمبو اور تیسرا ٹیسٹ بیس سے چوبیس جولائی تک سنہالیز سٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جائے گا۔


















