ماریا شاراپووا ومبلڈن سے باہر

ومبلڈن کی سابق چیمیئن ماریا شاراپووا ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں شکست کے بعد مقابلے سے باہر ہو گئی ہیں۔
بدھ کو ومبلڈن کے سینٹر کورٹ پر کھیلے گئے میچ میں روس کی شاراپووا کو ارجنٹائن کی کھلاڑی خیِسیلا دولکو نے چھ دو، تین چھ اور چھ چار سے ہرا دیا۔
دولکو نے پہلا سیٹ آسانی سے جیت لیا لیکن پھر شاراپووا نے لگاتار سات گیم جیت کر دوسرا سیٹ جیت لیا۔ تیسرے اور فیصلہ کُن سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں میں سخت مقابلہ رہا لیکن پھر دولکو نے میچ جیت لیا۔ میچ سو دو گھنٹے جاری رہا۔

شاراپووا نے شکست کے بعد کہا کہ یہ ان کے زخمی ہونے کے بعد اِنجری سے واپس آنے کے بعد یہ صرف چوتھا ٹورنامنٹ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سال ومبلڈن میں شامل ہونا ہی ایک بڑی کامیابی سمجھتی ہیں اور ان کو سینٹر کورٹ پر دوبارہ کھیلنے سے بہت خوشی حاصل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ومبلڈن بہت پسند ہے لیکن یہاں ہارنا اور کسی ٹورنامنٹ میں ہارنے سے زیادہ بُرا لگتا ہے۔ اور انجری کو بھولنا مشکل ہوتا ہے۔‘
شاراپووا سنہ دو ہزار چار میں ومبلڈن کی وومن سنگلز کی چیمیین تھیں۔ اس سال خواتین ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں وہ چوبیس نمبر پر ہیں جبکہ دولکو ’ان سیڈڈ‘ ہیں یعنی ان کو اس درجہ بندی میں شامل بھی نہیں کیا گیا ہے۔


















