فاتح ٹیم کے لیے سرکاری تقریبات

وزیرِ اعظم کے ساتھ ٹیم
،تصویر کا کیپشنوزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹیم کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا
    • مصنف, عبد الرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں سرکاری تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے جمعرات کے روز ایوان صدر میں ٹیم کو استقبالیہ دیا اور کامیابی پر اسے خراج تحسین پیش کیا۔

بدھ کی شب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹیم نے قوم کو بہت بڑی خوشی دی ہے۔

وزیراعظم نے ٹیم کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کا خصوصی دورہ کیا اور ایوان کی کارروائی دیکھی۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ٹیم کو عالمی کپ جیتنے پر مبارک دی۔ اراکین اسمبلی نے ڈیسک بجاکر خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں عالمی کپ کے میچز کا انعقاد ممکن بنانے کے لیے وزیرداخلہ رحمٰن ملک کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے پچیس پچیس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔