عادل رشید کو رکھیں: شین وارن

عادل رشید
،تصویر کا کیپشنعادل رشید نے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی طرف سے بہتر کارکردگی دکھائی تھی
وقت اشاعت

دنیائے کرکٹ کے عظیم سپنر شین وارن نے انگلینڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کارڈیف میں ہونے والے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سپنر مانٹی پنیسر کی بجائے عادل رشید کو چانس دے۔

آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آٹھ جولائی کو شروع ہو رہا ہے اور سوفیا گارڈنز کی وکٹ سلو بولرز کی مدد کرے گی۔

شین وارن نے کہا کہ ’میرے خیال میں عادل رشید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور انہیں گریم سوان کے ہمراہ پہلا ٹیسٹ کھیلنا چاہیئے۔‘

’اگر میں ہوں تو فلیٹ وکٹ بناؤں جس پر ٹرن ہو اور دو سپنر رکھوں۔‘

پنیسر نے فروری میں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا لیکن وہ اس سیریز میں صرف پانچ وکٹ حاصل کر سکے تھے۔

وارن نے پنیسر کی تعریف کی لیکن ساتھ یہ بھی کہا کہ ستائیس سالہ بولر نے اپنی بولنگ کو بہتر نہیں کیا ہے۔

’وہ ایک عمدہ بولر ہیں، وہ کرکٹ کے لیے زبردست اور دلچسپ ہیں۔۔۔ لیکن وہ جیسے تھے ویسے ہی رہے ہیں۔ وہ ان لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے ایک ہی ٹیسٹ تیس بار کھیلا ہو۔‘

سوان ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلینڈ کے کامیاب بولر رہے تھے۔ انہوں نے 24.05 کی اوسط سے انیس وکٹیں حاصل کیں۔