رونالڈو چھ سال کے لیے ریال میڈرڈ کے

رونالڈو
،تصویر کا کیپشنرونالڈو نےمانچسٹر یونائٹڈ کے لیے چھ سال میں دو سو بانوے مقابلوں میں حصہ لیا اور ایک سو اٹھارہ گول کیے
وقت اشاعت

فٹبال کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹر یونائٹڈ سے ریال میڈرڈ کو منتقلی کا معاہدہ منظور کر لیا ہے۔ اسی ملین پاؤنڈ میں طے پانے والا یہ سودا یکم جولائی سے عمل میں آئے گا۔

برطانوی کلب مانچسٹر یونائٹڈ نے اپنی ویب سائٹ پر سودے کی تکمیل کی تصدیق کی ہے۔ رونالڈو کو چھ جولائی کو سینٹیاگو برنابو سٹیڈیم میں پریس کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

رونالڈو کی ریال میڈرڈ کی ٹیم میں شمولیت کلب کے نئے سربراہ فلورنٹینو پیریز کی طرف سے شروع کی گئی مہنگے ترین کھلاڑیوں کے حصول کی مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے پہلے برازیل کے کھلاڑی کاکا کو اس وقت تک کے مہنگی ترین سودے میں چھپن ملین پاؤنڈ میں حاصل کیا اور اب رونالڈو کے لیے اسی ملین پاؤنڈ خرچ کیے گئے ہیں۔

ریال میڈرڈ نے ویلینسیا کے سنٹر بیک راؤل کو بارہ ملین پاؤنڈ میں حاصل کیا۔ اس طرح جاری سیزن میں کلب اب تک ایک سو اڑتالیس ملین پاؤنڈ خرچ کر چکا ہے۔

رونالڈو اطلاعات کے مطابق ریال میڈرڈ کے ساتھ سالانہ گیارہ ملین پاؤنڈ حاصل کریں گےجو دنیا میں کسی بھی فٹبالر کے لیے سب سے زیادہ تنخواہ ہے۔ مانچسٹر یونائٹڈ کے ساتھ انہیں سالانہ چھ اعشاریہ اڑتیس ملین پاؤنڈ ملتے تھے۔اس وقت سب سے زیادہ تنخواہ ابراہیمووچ کی ہے جنہی سالانہ دس ملین پاؤنڈ ملتے ہیں۔

رونالڈو نے سن دو ہزار سات اور آٹھ میں بیالیس گول کیے اور کلب کے کسی کھلاڑی کی طرف سے زیادہ گول کرنے کا نیا ریکارڈ بنایا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جارج بیسٹ کا تھا۔ سن دو ہزار آٹھ میں رونالڈو کو فیفا کی طرف سے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

گزشتہ سیزن میں رونالڈو نے مانچسٹر یونائٹڈ کی طرف سے چھبیس گول کیے۔ انہوں نے کلب کی طرف سے دو سو بانوے مقابلوں میں حصہ لیا اور ایک سو اٹھارہ گول کیے۔