مائیکل وون کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وون نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔مائیکل وون انگلینڈ کے سب سے کامیاب کپتان سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے اکیاون ٹیسٹ میچ میں کپتانی کرتے ہوئے چھبیس میں فتح پائی اور سنہ دو ہزار پانچ میں اپنی ٹیم کو ایشیز میں ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے فتح دلوائی۔
انہوں نے بیاسی ٹیسٹ میچوں میں پانچ ہزار سات سو انیس رنز بنائے جن میں تین سینچریاں بھی شامل ہیں جو سنہ دو ہزار دو اور سنہ دو ہزار تین کے آسٹریلیا کے دورے میں سکور کیں گئیں۔وون اس سیریز میں بتیس سال کے بعد پہلے بلے باز تھے جنہوں نے سیریز میں چھ سو رنز سکور کیے۔
کچھ عرصے سے مائیکل وون گھٹنے کے زخمی ہونے کے باعث پوری طرح فٹ نہیں تھے اور انہیں اس برس ہونے والی ایشیز سیریز کے لیے منتخب انگلینڈ کے کھلاڑیوں میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔چنانچہ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں ہر طرح کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا۔
اپنے کوور ڈرائیو کے خوبصورتی کے لیے مشہور مائیکل وون کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے کئی نوجوان کھلاڑیوں کی بھر پور انداز میں حوصلہ افزائی کی جن میں انگلینڈ کے اہم کھلاڑی کیون پیٹرسن بھی شامل ہیں۔
ان کی ریٹائرمینٹ پر انگلینڈ کے کئی سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے مائیکل وون کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے جن میں جیف بائیکاٹ بھی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے نائب کپتان مائیکل کلارک نے وون کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وون ایک زبردست کرکٹر اور زبردست کپتان رہے ہیں جن کے خلاف کرکٹ کھیل کر بھی لطف آتا تھا۔
’میں نے ان کے ساتھ بیٹھ کر بیٹنگ کے بارے میں چند مرتبہ گفتگو کی ہے۔ وہ زبردست کھلاڑی تھے اور ہمارے ڈریسنگ روم میں ہر کھلاڑی ان کی عزت کرتا تھا۔‘


















