ایشز سیریز میں انگلینڈ کا عمدہ آغاز

مچل جانسن
،تصویر کا کیپشنفاسٹ بولر مچل جانسن نےدو اہم وکٹیں حاصل کیں
وقت اشاعت

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر تین سو سینتیس رنز بنالیے ہیں۔

ویلز کے دارالحکومت کارڈف میں کھیلے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈنےتین نصف سینچریوں کی بدولت 337 رنز بنا لیے ہیں۔ انگلینڈ کی طرف کیون پیٹرسن، پال کولنگوڈ اور میٹ پرائر نے عمدہ نصف سینچریاں سکور کیں۔ اینڈریو فلنٹاف چونتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کھیل کے اختتام تک کرس براڈ اور پال اینڈرسن کریز پر موجود تھے۔

<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2009/7/15079/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل جانسن، ہلفنہاؤس اور سڈل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سپنر ہورٹز کے حصے میں آئی۔

انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اکیس کے سکور پر انگلینڈ کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر ایلسٹر کک نوجوان آسٹریلوی فاسٹ بولر ہلفنہاؤس کا شکار بنے۔

کپتان اینڈریو سٹراس اور روی بھوپارا نے انگلینڈ کا سکور آگے بڑھانا شروع کیا لیکن سٹرسٹھ کے سکور پر اینڈریو سٹراس فاسٹ بولر مچل جانسن کی اٹھتی ہوئی گیند کو نہ سنبھال سکے اور سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مچل جانس نے نوے کے مجموعی سکور پر روی بھوپارا کو ایک ایسی کم رفتار گیند پھینکی جس کو وہ سمجھ نہ سکے اور گلی میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کیون پیٹرسن اور کولنگوڈ نے ایک عمدہ پارٹنرشپ کے ذریعے ٹیم کا سکور دو اٹھائیس رنز تک پہنچا دیا۔ پال کولنگوڈ چونسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کیون پیٹرسن جو انتہائی عمدہ انداز میں کھیل رہے تھے لیکن آف سٹمپ کے باہر جاتی ہوئی ایک گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کیون پیٹرسن اور پال کولنگوڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد میٹ پرائر اور اینڈریو فلنٹاف نے ایک اور عمدہ پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا سکور 327 رنزتک پہنچا دیا جب اینڈریو فلٹناف آؤٹ ہو گئے۔ صرف دو رن کے اضافے کے بعد میٹ پرائر بھی آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلوی ٹیم ایشز ٹیسٹ کے پہلے میچ میں اپنے تجربہ کار فاسٹ بولر بریٹ لی کے بغیر میدان میں اتری ہے۔ بریٹ لی زخمی ہونے کی وجہ سے پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

انگلینڈ کی ٹیم: اینڈریو سٹراس( کپتان)، ایلسٹر کک، روی بھوپارا، کیون پیٹرسن، پول کولنگوڈ، میٹ پرائر، اینڈریو فلنٹاف، سٹیورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن، اور مونٹی پنیسر۔

آسٹریلیا: فلپ ہیوز، سائمن کاٹیچ، رکی پونٹنگ(کپتان)، مائیکل حسی، مائیکل کلارک، مارکس نارتھ، بریڈ ہیڈن، مچل جانسن، ناتھن ہورٹز، پیٹر سڈل، اور بین ہلفہاؤس