بکانن کی کتاب، بھارتی کھلاڑی ناراض

ہربھجن سنگھ
،تصویر کا کیپشنہربھجن سنگھ نے بکانن کے تبصروں پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔
    • مصنف, صلاح الدین
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام،دلی
  • وقت اشاعت

ہندوستان کے کرکٹ سرکل میں بعض بھارتی کھلاڑیوں پر تنقید کے لیے آج کل آ‎سٹریلائی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جان بکانن پر سخت نکتہ چینی ہورہی ہے۔

جان بکانن نے اپنی نئی کتاب ''دی فیوچر آف کرکٹ : دی رائز آف ٹوئنٹی 20 '' میں بعض بھارتی کھلاڑیوں پر اپنی رائے ظاہر کی جس سے سابق اور موجودہ کھلاڑی ناراض ہیں۔

ہندوستان کے ایک معروف اخبار انڈین ایکسپریس نے اس کتاب کے بعض اقتباسات شائع کیے ہیں اور لکھا ہے کہ جان بکانن کی نئی کتاب سے بھارتی کھلاڑیوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

ادھر جان بکانن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی کتاب سے اقتباسات بغیر سیاق وسباق کے پیش کیے گئے ہیں۔

بھارت کے سپن گیند باز ہربھجن سنگھ نے اپنے بلاگ میں جان بکانن کے بعض تبصروں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں اس پر قطعی حیرت نہیں ہے۔'' دراصل آسٹریلیا سے کچھ بھی آئے اس پر مجھے حیرت نہیں ہوتی ہے۔ ایک عظیم کوچ کو حقیقت میں اپنی عظیم کوچنگ کے طرز کچھ عظیم تبصرے کرنے تھے۔''

ہر بھجن سنگھ نے اپنے بلاگ میں مزید لکھا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ کسی آسٹریلین نے میری تعریف کی ہو اور '' مجھے پورا یقین کہ جان بکانن ایسے آخری شخص بھی نہیں ہوں گے۔''

جان بکانن نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ہر بھجن سنگھ بکھیڑا کھڑا کرنے میں آگے رہتے ہیں لیکن وہ اس کے نتائج بھگتنے سے بچ جاتے ہیں۔

راہل ڈراوڈ
،تصویر کا کیپشنجان بکانن نے اپنی کتاب میں ڈراہل راوڈ کو ٹوئینٹی 20 کے غیر مناسب کھلاڑی بتایا ہے

واضح رہے کہ جنوری دو ہزار آٹھ میں آسٹریلیائی دورہ کے دوران ہربھجن سنگھ کے بعض نسل پرستانہ جملوں کے سبب کافی ہنگامہ ہوا تھا جس کے بعد انہیں جرمانہ دیکر چھوڑ دیا گیا تھا۔

آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کوچ جان بکانن آئی پی ایل کی کولکتہ نائٹ رائڈرس ٹیم کے کوچ تھے جو اب انگلینڈ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ آئی پی ایل ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کے ساتھ ان کے رشتے اچھے نہیں تھے۔

بکانن نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ٹوئینٹی 20 فارمیٹ سورو گنگولی، سچن تندولکر، راہول ڈراوڈ اور رکی پونٹنگ جیسے سینیئر کھلاڑیوں کے لیے مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوروگنگولی کے ریٹائرمنٹ کے بعد '' یواراج سنگھ موڈرن گنگولی بننے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن میرے خیال سے جس پروقار انداز سے گنگولی نے اپنے کو پیش کیا ہے وہ کرشمہ ان میں نہیں ہے۔''

آئی پی ایل ٹیم میں کنگس الیون پنچاب کے ٹیم کے کپتان یواراج تھے جبکہ کوچ ٹام موڈی تھے۔ بکانن نے یواراج کے خراب سلوک پر لکھتے ہوئے بکانن نے ٹام موڈی سے اپنی گفتگو کا حوالہ دیا ہے۔ لیکن ٹام موڈی نے بھی بکانن پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔

موڈی کا کہنا ہے کہ انہیں یاد نہیں کہ انہوں نے یواراج سنگھ کے روے کے متعلق کبھی بھی بکانن نے سے بات کی تھی۔ موڈی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کتاب تو نہیں پڑی لیکن انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی ہے کہ بکانن نے اس میں ان کے حوالے دیے ہیں۔