فیلپس کا ایک اور عالمی ریکارڈ

 مائیکل فیلپس
،تصویر کا کیپشنیہ مائیکل فیلپس کا پانچواں عالمی ریکارڈ تھا
وقت اشاعت

اولمپیئن سپر سٹار مائیکل فیلپس نے تیراکی میں سو میٹر بٹرفلائی مقابلوں میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

چوبیس سالہ امریکی تیراک نے اپنے ساتھی امریکی تیراک ایئن کروکر کے چار سال قبل بنائے گئے ریکارڈ کو توڑا۔

ایئن کا ریکارڈ 50.40 سیکنڈ تھا جبکہ مائیکل فیلپس نے 50.22 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

انڈیانا پولس میں اس جیت کی وجہ سے مائیکل فیلپس نے روم میں اس ماہ کے آخر میں ہونے والی ورلڈ چیمیئن شپ میں سو میٹر بٹر فلائی مقابلوں میں جگہ بنا لی ہے۔

مائیکل فیلپس کا کہنا ہے ’میں پچاس سیکنڈ ہی میں کرنا چاہتا تھا لیکن وہ مشکل تھا۔ ایئن نے اس ریس سے قبل مجھے نیک تمناؤں کا ایس ایم ایس بھیجا تھا۔ یہ میرے لیے بڑی حوصلہ افزاء بات تھی۔‘

خیال رہے کہ مائیکل فیلپس حال ہی میں تین ماہ کی پابندی کے خاتمے کے بعد پول میں اترے ہیں۔ ان پر یہ پابندی اس وقت عائد کی گئی تھی جب ان کی ایک تصویر منظر عام پر آئی جس میں وہ وہ گانجا پی رہے تھے۔

جمعرات کو قائم کیے گئے نئے ریکارڈ کے ساتھ مائیکل فیلپس اب پانچ عالمی ریکارڈز کے مالک بن گئے ہیں۔ وہ کامیاب ترین اولمپیئن بنے جب انہوں نے بیجنگ اولمپکس میں آٹھ طلائی تمغے جیتے تھے۔