فلنٹاف کی ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ

اینڈریو فلنٹاف (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنفلنٹاف نے اپنے گیارہ سالہ ٹیسٹ کریئر میں چھتر ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے
وقت اشاعت

انگلینڈ کے آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹاف نے آسٹریلیا کے ساتھ جاری ایشز سریز کے بعد ٹیسٹ میچوں سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا ہے۔

دو ہزار پانچ میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں فلنٹاف نے انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اینڈریو فلنٹاف پچھلے کچھ عرصے میں فٹنس کے مسائل سے دوچار ہیں اور اب وہ اپنی توجہ صرف ایک روزہ کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

اکتیس سالہ فلنٹاف آجکل لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل گھٹنے کی تکلیف سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہیں گھٹنے کی یہ تکلیف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر ہوئی تھی جس کے بعد فلنٹاف کا کہنا ہے کہ ’میں ریٹائرمنٹ کے بارے میں کافی عرصے سے سوچ رہا تھا اور گھٹنے کی اس تکلیف نے یہ واضح کر دیا ہے کہ یہ اس اعلان کا صحیح موقع ہے‘۔

فلنٹاف نے اپنے گیارہ سالہ ٹیسٹ کریئر میں چھہتر ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ٹرینٹ برج کے میدان میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔

فلنٹاف نے اس بات کو رد کیا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان سے جاری ایشز سیریز پر کوئی فرق پڑے گا۔

بی بی سی کے کرکٹ کے نامہ نگار جاناتھن اگنیو کے مطابق یہ خبر حیران کن نہیں ہے اور یہ خبر انگلینڈ کی ٹیم کی توجہ سیریز سے ہٹانے کے بجائے شاید ان میں جذبہ پیدا کرے۔

آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کو فلنٹاف کے اس فیصلے سے ’تھوڑی حیرانگی‘ ہوئی ہے لیکن وہ جمعرات کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ان کے ساتھ پہلے سے مختلف پیش نہیں آئیں گے۔