عامرسہیل نے استعفی دے دیا

- مصنف, عبد الرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
عامرسہیل سے جب ان کے استعفے کی وجہ جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے پہلے تویہ جواب دیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وجہ معلوم کریں تاہم بعد میں مختصراً ان کا کہنا تھا کہ جس کام میں وہ انجوائے نہ کریں اسے آگے نہیں بڑھاتے اور موجودہ کام کو وہ انجوائے نہیں کررہے تھے۔
واضح رہے کہ عامر سہیل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز وسیم باری کے درمیان اختلافات کی خبریں کئی روز سے اخبارات کی زینت بنی ہوئی تھیں اور مبصرین عامرسہیل کے استعفے کو اسی تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔
دونوں کے درمیان ’اختلافات‘ کا آغاز اس وقت ہوا تھا ایک کورس کے سلسلے میں ملائشیا نہ جانے پر وسیم باری نے عامرسہیل کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیا تھا جس پر عامر سہیل کا کہنا تھا کہ وہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو جواب دہ ہیں۔
دونوں کے درمیان شعیب اختر کے اکیڈمی میں لیے گئے فٹنس ٹیسٹ کے سلسلے میں بھی سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ عامر سہیل کا موقف یہ تھا کہ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ لیے جانے کے بارے میں وسیم باری کو انہیں مطلع کرنا چاہئے تھا۔
عامرسہیل صرف چھ ماہ اس عہدے پر رہے تاہم وہ اس دوران اکیڈمی کے سلیبس اور دوسری اہم چیزوں پر کام کررہے تھے۔
واضح رہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے استعفی دینے والے تیسرے کرکٹر ہیں ان سے قبل جاوید میانداد نے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے استعفی دیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لیں۔
عبدالقادر نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دیا جس کے بعد وسیم باری کو عبوری چیف سلیکٹر کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی اور یکم اگست سے سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نئی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی ذمہ داری سنھبالیں گے۔


















