ایشز:دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ فاتح

لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے دوسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک سو پندرہ رن سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
یہ سنہ 1934 کے بعد آسٹریلیا کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے کسی ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پہلی فتح ہے۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے پانچ سو بائیس رن کا ریکارڈ ہدف فراہم کیا تھا لیکن آسٹریلیا کی پوری ٹیم چار سو چھ رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار اینڈریو فلنٹاف اور سپنر گریم سوین کی عمدہ بالنگ نے ادا کیا۔ فلنٹاف نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں پانچ جبکہ سوین نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی۔

دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو آسٹریلیا کو فتح کے لیے مزید دو سو نو رن درکار تھے جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ چوتھے دن کے کھیل کے ابتدائی اوورز میں اس وقت گری جب بریڈ ہیڈن کو اسّی کے انفرادی سکور پر اینڈریو فلنٹاف نے کالنگ وڈ کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور تین سو تیرہ رن تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے مائیکل کلارک آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے۔ وہ ایک سو چھتیس رن بنا کر گریم سوین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔بعد میں آنے والے آسٹریلوی کھلاڑیوں میں سے صرف مچل جانسن نے تریسٹھ رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
انگلینڈ نے اس ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں چار سو پچیس رن بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو گیارہ رن بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں دو سو پندرہ رن بنا سکی تھی۔


















