بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا

بنگلہ دیش پہلے ہی ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔
،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیش پہلے ہی ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔
وقت اشاعت

بنگلہ دیش کی ٹیم نے روسو میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو باون رنز سے ہرا کر سیریز میں صفر ایک سے برتری حاصل کر لی۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے کمزور بالنگ اٹیک کے سامنے بنگلہ دیش کی ٹیم محمد اشرفل کے ستاون اور شکیب الحسن کے چون رنز بدولت مقررہ پچاس اووروں میں دو سو چھیالیس رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیمار روچ نے چوالیس رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز عمدہ نہیں تھا اور صرف آٹھ رنز پر اس کے دو کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔ اگرچہ ڈیون سمتھ نے چوراسی گیندوں پر پینسٹھ رنز بنا کر ٹیم کو کچھ سہارا دیا لیکن بنگلہ دیشی لیف آرم سپنر عبدالرزاق کی عمدہ بالنگ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم چوالیس اووروں میں ایک سو چورانوے رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ عبدالرزاق نے انتالیس رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ ڈومینیکا کے جزیرے پر کھیلا جانے والا پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔

کنٹریکٹ کے معاملے پر جھگڑے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے تیرہ کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں حصہ نہیں لے رہے۔

بنگلہ دیش پہلے ہی ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔

اگرچہ احتجاج کرنے والے سینیئر کھلاڑیوں نے کرکٹ بورڈ کو بائیکاٹ ختم کر کے اپنی دستیابی سے آگاہ کر دیا تھا لیکن بورڈ ٹیم کا اعلان پہلے ہی کر چکا تھا۔

احتجاجی کھلاڑیوں کو ستمبر میں کھیلی جانے والے آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔

ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ اسی میدان پر منگل کے روز کھیلا جائے گا۔