پہلے ون ڈے میں سری لنکا فاتح

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردوڈاٹ کام، دمبولا
- وقت اشاعت
سری لنکا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو چھتیس رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دمبولا کے رانگیری سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور لوئر آرڈر بیٹسمینوں کی عمدہ کارکردگی کے سبب سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر دو سو بتیس رن بنائے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2009/7/83884/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> دمبولا ون ڈے کی تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2009/07/090730_pics_pak_lanka_dambula.shtml" platform="highweb"/></link>
دو سو تینتیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم پینتالیسویں اوور میں ایک سو چھیانوے رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی اننگز کو استحکام اس کی لوئر آرڈر بیٹنگ نے دیا تھا لیکن پاکستانی اننگز کے بکھرنے کی وجہ اس کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ تھی۔ پاکستان کے لوئر آرڈر میں عمرگل اور محمد عامر کی شراکت کی شکل میں پاکستانی کے لیے ایک موہوم سی امید پیدا ہوئی تھی لیکن ان دونوں کی کوششیں بھی بارآور ثابت نہ ہو سکیں۔
پاکستان کی جانب سے عمرگل تینتیس رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے تشارا نے تین، کلاسیکیرا اور مرلی دھرن نے دو، دو جبکہ جے سوریا اور ملنگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے کامران اکمل اور شعیب ملک کے ساتھ اپنی اننگز شروع کی تو شعیب ملک صرف نو رنز بنا کر کلاسیکیرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا سکور انتیس رنز تھا۔

شعیب ملک آخری دس ون ڈے اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنا سکے ہیں۔ کامران اکمل اپنے سوویں ون ڈے انٹرنیشنل کو قابل ذکر کارکردگی سے یادگار نہ بنا سکے اور بیس رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ تشارا نے کیا۔
ون ڈاؤن پر آنے والے شاہد آفریدی ابتداء میں ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے دکھائے دیے لیکن ستائیس کے انفرادی سکور پر تشارا کی گیند پر سنگاکارا کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد پاکستانی ٹیم کی امید کا محور محمد یوسف اور یونس خان تھے لیکن یوسف صرف چار رنز بنا کر کلاسیکیرا کی گیند پر سنگاکارا کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ یونس خان کی بارہ رنز کی اننگز کا خاتمہ تشارا کی گیند پر میتھیوز نے کیچ لے کر کیا۔
پاکستان کی نصف ٹیم اٹھہتر کے سکور پر اپنی باری کھیل چکی تھی۔ مصباح الحق صرف نو رن بنا سکے۔ انہیں مرلی دھرن نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کےخلاف ابوظہبی میں دو نصف سنچریاں بنانے کے بعد سے مصباح الحق نے آٹھ ون ڈے اننگز میں صرف ایک نصف سنچری سکور کی ہے ۔
فواد عالم اور عبدالرزاق کی مزاحمت بھی سری لنکا کے لیے خطرہ نہ بن سکی اور فواد اکتیس جبکہ عبدالرزاق سترہ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد عمرگل اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں باسٹھ رنز کا اضافہ تو کیا لیکون وہ بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔ محمد عامر تیئیس رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنا تین سو واں میچ کھیلنے والے جے وردھنے کی براہ راست تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔اس سے اگلی ہی گیند پر مالنگا نے عمرگل کو بولڈ کر کے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
اس سے قبل سری لنکن اننگز میں بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کے بعد لوئر مڈل آرڈر نے ٹیم کو سہارا دیا تھا۔ سری لنکا کی ابتدائی پانچ وکٹیں صرف ایک سو پچیس رنز کے مجموعی سکور پرگرنے کے بعد نچلے نمبروں پر کھیلنے والے بلے بازوں نے سکور میں ایک سو سات رنز کا اضافہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے محمد عامر نے تین عبدالرزاق نے دو جبکہ عمر گل، سعید اجمل اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم:یونس خان ( کپتان ) کامران اکمل، شعیب ملک، محمد یوسف، مصباح الحق، شاہد آفریدی، فواد عالم، عمرگل، محمد عامر، عبدالرزاق اور سعید اجمل۔
سری لنکا کی ٹیم:کمار سنگاکارا ( کپتان ) سنتھ جے سوریا، اپل تھارنگا، مہیلا جے وردھنے، تھلن سمارا ویرا، اینجیلو میتھیوز، چمارا کاپوگدیرا، تھلن تشارا، نوآن کولاسکیرا، لستھ مالنگا اور مرلی دھرن۔


















