ثائنہ نہوال نے بیڈمنٹن مقابلہ جیت لیا

ہندوستان کی ثائنہ نہوال نے انڈونیشہ اوپن بیڈمنٹن چیمپئینشپ کا خطاب جیت لیا ہے۔
جکارتا میں کھیلے گئے فائنل ميچ ميں انہوں نے چین کی لن وانگ کو تین گیمز تک چلنے والے میچ میں 12-21، 21- 18 اور 21- 9 سے شکست دے دی۔
یہ پہلا موقع ہے جب ثائنہ نہوال نے کسی سپر سریز میں خطاب حاصل کیا ہے۔
ثائنہ کا مقابلہ دنیا میں تیسرے نمبر کی کھلاڑی چین لن وانگ سے تھا، ثائنہ فائنل میچ کا پہلا گیم 12- 21 سے ہار گئیں تھیں۔ لیکن اگلے دو گیمز ميں انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
دوسرا سیٹ 21- 18 سے جیتنے کے بعد سائنہ کے جوش میں اضافہ ہو گیا اور تیسرے گیم میں بھی انہوں نے اور بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔
تیسرے گیم میں انہوں نے لن وانگ کو کوئی موقع نہیں دیا۔ ان مرتبہ انہوں نے 21- 9 سے جیت درج کی اور انڈونیشین اوپن کا خطاب اپنے نام کر لیا۔
یہ جیت حاصل کرنے پر انہيں اٹھارہ ہزار سات سو پچاس امریکی ڈالر کی رقم انعام ميں ملی ہے۔


















