بھائیوں کی پانچویں جوڑی میدان میں

emr hkml
،تصویر کا کیپشنعمر اکمل نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ سے اپنے ون ڈے کریئر کا آغاز کیا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردوڈاٹ کام، دمبولا
  • وقت اشاعت

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دمبولا میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جب عمر اکمل نے اپنے ون ڈے کیرئر کا آغاز کیا تو ٹیم میں انہیں خوش آمدید کہنے والوں میں ان کے بڑے بھائی وکٹ کیپر کامران اکمل بھی موجود تھے۔

پاکستان کی ون ڈے تاریخ میں یہ بھائیوں کی پانچویں جوڑی ہےجو کسی میچ میں ایک ساتھ کھیلی ہے۔

پاکستان نے جب 1973ء میں اپنا اولین ون ڈے انٹرنیشنل میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلا تو اس ٹیم میں دو بھائی مشتاق محمد اور صادق محمد بھی موجود تھے۔ مشتاق محمد اور صادق محمد نے ایک ساتھ آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوںمیں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں 1975ء کے عالمی کپ کے تین میچز بھیشامل ہیں۔

85-1984ءکے سیزن میں وسیم راجہ اور رمیز راجہ چار ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ایک ساتھ کھیلے۔

اس کے بعد 1995 میں شارجہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں معینخان پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے تو اس ٹیم میں ان کے بڑے بھائی ندیم خان بھی شامل تھے۔ یہ دونوں بھارت کے خلاف میچ میں ایک ساتھ کھیلے تھے۔

2001 میں عمران فرحت اور ان کے وکٹ کیپر بھائی ہمایوں فرحت نے شارجہ میں سری لنکا کے خلاف میچ اکٹھے کھیلا تھا۔

ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں تین الٰہی برادران نے بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے لیکن منظور الٰہی، ظہور الہی اور سلیم الہی تینوں یا ان میں سے کوئی دو بھی ایک ساتھ نہیں کھیلے۔ون ڈے انٹرنیشنل میں تین بھائیوں کے کھیلنے کے ریکارڈ میں الٰہی بھائیوں کے علاوہ آسٹریلیا کے چیپل برادران، کینیا کے اوبایو بردران، سری لنکا کی ویٹیمنی فیملی اور نیوزی لینڈ کے ہیڈلی برادران شامل ہیں۔