سری لنکا سیریز جیت گیا

تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سےدو سو نواسی رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کے بلے بازوں نےعمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچپن رنز بنا لیے ہیں۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ دو سو دو رنز پر گری جب ترنگا چھہتر رنز بنا کر شعید اجمل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی جے وردھنے ہیں جنہوں نے چودہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو تیئس رنز بنائے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سماراویرا تھے جو کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچوں کے برعکس تیسرے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو اٹھاسی رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بلے باز عمر اکمل نے سب سے زیادہ چھیاسٹھ رنز بنائے ہیں۔
بلے باز مہیلا جے وردھنے اور اپل تھارنگا نے سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کیاہے۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2009/8/83888/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
تیسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے کامران اکمل اور ناصر جمشید نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور دوسرے ہی اوور میں ناصر جمشید سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی کامران اکمل تھے جو اسی کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد شعیب ملک بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، کپتان یونس خان چوالیس کے سکور پر رن آؤٹ اور فواد عالم تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بلے باز شاہد آفریدی تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے بیس گیندوں پر بتیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سکور بلے باز عمر اکمل نے چھیاسٹھ رنز کیے ہیں۔عبدالرزاق چھبیس گیندوں پر تیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد بلے باز رانا نوید الحسن نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے تیس رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے باؤلر میتھیوز اور مرلی دھرن نے دو دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے دونوں میچ سری لنکا کی ٹیم جیت چکی ہے۔ پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں۔
عمر گل ٹخنے میں تکلیف کے باعث ٹیم میں شامل نہیں اور رانا نوید الحسن کو واپس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی ٹیم:پاکستانی ٹیم: یونس خان ( کپتان ) ناصر جمشید۔ کامران اکمل۔ شعیب ملک۔ عمر اکمل۔ شاہد آفریدی۔ فواد عالم۔ رانا نوید الحسن۔ محمد عامر۔ عبدالرزاق اور سعید اجمل۔
سری لنکا کی ٹیم: کمار سنگاکارا ( کپتان )، اپل تھارنگا، کڈمبی، مہیلا جے وردھنے، تھلن سمارا ویرا، اینجیلو میتھیوز، چمارا کاپوگدیرا، تھلن تشارا، نوآن کولاسکیرا، فرنینڈو، اور مرلی دھرن۔


















