عمرگل ان فٹ، ون ڈے سیریز سے باہر

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولمبو
- وقت اشاعت
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرعمرگل ٹخنے کی تکلیف کے سبب سری لنکا کے دورے کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ عبدالرزاق کی شرکت بھی مسل میں تکلیف کی وجہ سے مشکوک ہو گئی ہے۔
پاکستانی ٹیم سات اور نو اگست کو آخری دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلےگی جبکہ بارہ اگست کو اسے ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمرگل کے ٹخنے میں تکلیف ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں دو ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمرگل پاکستانی ٹیم کے اہم سٹرائیک باؤلر ہیں لہذا ان کے معاملے میں بہت احتیاط سے کام لینا ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے دورے کے بعد چیمپئنز ٹرافی اور آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے لہذا وہ نہیں چاہیں گے کہ اس مرحلے پر ان کی تکلیف بڑھ جائے اور وہ آنے والے اہم میچوں میں شرکت سے محروم ہوجائیں۔
انتخاب عالم نے کہا کہ عبدالرزاق کا مسل کھنچ گیا ہے لہذا وہ بھی ایک یا دونوں ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ بلے باز مصباح الحق فٹ ہیں اور میچ سے قبل ہونے والے ٹریننگ سیشن میں انہیں کھیلتا دیکھنے کے بعد ہی یہ فیصلہ ہوگا کہ وہ دونوں میچز کھیل سکیں گے یا نہیں؟
انتخاب عالم نے عمرگل اور عبدالرزاق کے ان فٹ ہونے کے سبب کسی متبادل کھلاڑی کی طلبی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرگل کے ان فٹ ہونے کے بعد رانا نوید الحسن چوتھا ون ڈے کھیلے تھے جبکہ ابھی راؤ افتخار بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں لہذا باہر سے کسی باؤلر کو بلانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔


















