فلنٹاف مشکوک، سائیڈباٹم کی واپسی

سائیڈباٹم
،تصویر کا کیپشنہیڈنگلے کی وکٹ سائیڈ باٹم کے مفید ہے: ماہرین
وقت اشاعت

انگلش سلیکٹروں نے لیفٹ آرم میڈیم فاسٹ بولر سائیڈ باٹم کو ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے لیے چودہ کھلاڑیوں میں شامل کر لیا ہے۔

سائیڈ باٹم کے علاوہ واروکشائر کے بیٹسمین جوناتھن ٹراٹ کو بھی چودہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے لیکن سپنر مونٹی پانیسر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ سکے ہیں۔

جوناتھن ٹراٹ کو اینڈریو فلنٹاف کی فٹنس کے مسائل کے پیش نظر چودہ کھلاڑیوں میں شامل کیاگیا ہے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ ہیڈنگلے کرکٹ گراونڈ پر جمعہ کے روز شروع ہو رہا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

سائیڈ باٹم نے ابھی تک اکیس ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں ستائیس کی اوسط سے ستتر وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

ہیڈنگلے کی وکٹ روایتی طور پر سونگ بولروں کی مددگار ہوتی ہے۔ سائیڈ باٹم کے علاوہ فاسٹ بولر ہارمیسن کو بھی چودہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیاہے۔

ادھر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اینڈریو فلنٹاف جمعہ کو ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے ایشز ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے۔

فلنٹاف نے ایشز سیریز کے گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں میں اپنے دائیں گھٹنے میں انجیکشن لگا کر شرکت کی تھی اور تیسرے ٹیسٹ میں وہ واضح طور پر تکلیف میں نظر آ رہے تھے۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ فلنٹاف چوتھے ٹیسٹ میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں لیکن وہ اور طبی ماہرین ہی اس بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔

اکتیس سالہ آل راونڈر کی لارڈز کے میدان میں عمدہ بولنگ کی وجہ سے انگلینڈ نے آسٹریلیا کو لارڈز پر کھیلے گئے دوسرے ایشز ٹیسٹ میں شکست دی تھی جو لارڈز کے میدان پر پچھہتر سال بعد انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف فتح تھی۔

فلنٹاف نے ایجسٹن کے میدان میں چوہتر رن بنائے لیکن وہ کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکے۔فلنٹاف نے گیارہ اوور کرائے اور میچ کے آخری دن چائے کے وقفے کے بعد کے حصے میں وہ کوئی اوور نہیں کرا پائے۔ انہیں فلیڈنگ کرتے ہوئے بھی تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔

تاہم انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس نے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ فلنٹاف ہیڈنگلے میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔