’میچ فکسنگ کے الزامات افسوسناک‘

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولمبو
- وقت اشاعت
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے ٹیم پر میچ فکسنگ کے الزامات کو افسوناک قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے والے عبدالقادر نے شک ظاہر کیا ہے کہ سری لنکا کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی میچ فکسنگ کا نتیجہ ہوسکتی ہے جس میں ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی مبینہ طور پر ملوث ہوسکتے ہیں اور اس کی اعلٰی سطحی تحقیقات ہونی چاہیے۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس طرح کے غیرذمہ دارانہ بیانات پر حیرت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ’دراصل وہ کرکٹرز جو بورڈ میں ہوتے ہیں تو ان کے لیے سب اچھا ہوتا ہے لیکن بورڈ سے نکالے جانے کے بعد وہ بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کرنا شروع کردیتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن تعمیری تنقید ہونی چاہیے اور اس کا منطقی جواز ہونا چاہیے۔ انتخاب عالم کے مطابق ’یہ کہہ دینا کہ میچ فکس کردیے گئے ایک افسوسناک اور غیرذمہ دارانہ بات ہے‘۔

انتخاب عالم نے کہا کہ فائیواسٹار ہوٹل میں ناشتے پر ہر ایک کی کرکٹرز سے ملاقات ہوتی ہے اور کچھ پرستار کرکٹرز کے آٹوگراف لیتے ہیں، ان کےساتھ تصویریں بنواتے ہیں۔ کچھ کرکٹرز کو لنچ یا ڈنر کرانے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں لیکن انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو پہلے سے ہی چوکنا کر دیا تھا کہ وہ ایسے لوگوں سے دور رہیں جنہیں وہ نہیں جانتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ نے کسی ملک کا نام نہیں لیا نہ ہی یہ کہا کہ وہ بک میکر تھے اور نہ ہی ٹیم کو ہوٹل کی کسی دوسری منزل پر منتقل کیا گیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کولمبو میں مبینہ طور پر بک میکرز کے کھلاڑیوں سے ملنے کا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور کم ازکم ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ان کی تو یہ دیرینہ خواہش ہے کہ کوئی ان سے رابطہ کرے اور وہ اسے پکڑوا دیں۔


















