پاکستانی ٹیم میں چار تبدیلیاں

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولمبو
- وقت اشاعت
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف جمعہ کو کولمبومیں کھیلے جانے والےچوتھے ون ڈے کے لئے اپنی ٹیم میںچار تبدیلیاں کی ہیں۔
عمرگل عبدالرزاق پہلے ہی ان فٹ ہوچکے ہیں ان کے علاوہ ناصر جمشید اور شعیب ملک بھی یہ میچ نہیں کھیل رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے منیجر یاور سعید کے مطابق عمران نذیر، راؤ افتخار، مصباح الحق اور محمد یوسف یہ میچ کھیل رہے ہیں۔عمران نذیر اور راؤ افتخار سیریز میں پہلی بار کھیل رہے ہیں۔
عمران نذیر کے بارے میں کوچ انتخاب عالم نے کہا تھا کہ انہیں صرف ٹونٹی ٹونٹی کے لیے لایا گیا ہے تاہم اوپنرز کی مایوس کن کارکردگی کے سبب انہیں موقع دیا جا رہا ہے۔
محمد یوسف اور مصباح الحق پہلے میچ کے بعد ڈراپ کردیئے تھے۔
مصباح الحق تیسرے میچ سے قبل شوگر لیول کم ہوجانے کا شکار ہوگئے تھے اور ان کا طبی معائنہ کرایا گیا تھا تاہم ڈاکٹرز نے انہیں فٹ قرار دے دیا تھا۔
شعیب ملک تین میچوں میں بالترتیب نو صفر اور بارہ رنز ہی بناسکے ہیں۔
پریماداسا اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف دس میں سے صرف تین ون ڈے انٹرنیشنل جیتنے میں کامیاب ہو سکی ہے۔


















