کھلاڑیوں، سٹے بازوں کا رابطہ نہیں ہوا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے دورے پر گئے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کے سٹہ بازوں کے ساتھ رابطہ سے متعلق خبروں کو غلط قرار دیدیا ہے۔
آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے کسی رابطے کے شواہد نہیں ملے۔ تنظیم کے انسدادِ بدعنوانی اور سیکورٹی یونٹ نے اس معاملے کی تحقیقات کیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹیم کے منیجر یاور سعید سے شکایت کی تھی کہ کچھ مشکوک لوگوں نے ان سے رابطے کی کوشش کی ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملہ آئی سی سی کے سپرد کر دیا تھا۔
ان تحقیقات کا حکم ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کے بعد دیا گیا تھا کہ بعض بھارتی سٹہ بازوں نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے ایک ہوٹل میں مقیم پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے کی کوشش کی تھی۔
آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی اور سیکورٹی یونٹ کا قیام سنہ دو ہزار میں میچ فکسنگ جیسے تنازعات کے بعد عمل میں لایا گیا تھا۔
سری لنکا کے خلاف پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں دو صفر اور ون ڈے سیریز میں تین دو سے شکست ہوگئی ہے۔


















