ڈیل سٹین کے ڈوپ ٹیسٹ کا معمہ

ڈئل سٹین
،تصویر کا کیپشنڈئیل نے رواں سال آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں بنگلور رائل چیلینجر کی نمائندگی کی تھی
وقت اشاعت

انڈين پریمئر لیگ کے چیئرمین للت مودی نے ساؤتھ افریقہ کے فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین کے آئی پی ایل کے دوران کیے گئے ڈوپ ٹیسٹ کے مثبت ہونے کی خبروں کو رد کر دیا۔

ساؤتھ افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے اس سے پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ فاسٹ باؤلر سٹین کو کہا گیا تھا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ ان کے ڈرگ ٹیسٹ کے نمونے میں ممنوعہ دوا مارفین کی مقدار زیادہ کیوں تھی۔

للت مودی کا کہنا ہے کہ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے اس ضمن کوئی رپورٹ نہیں دی ہے کہ ڈیل یا کوئی اور کھلاڑی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوا ہے۔ لیکن ساؤتھ افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے چھبیس سالہ ڈئیل سٹین کے رواں سال آئی پی ایل ٹونامنٹ کے دوران کیے گئے ڈوپ ٹیسٹ کے نمونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ڈئیل آئی پی ایل میں بنگلور رائل چیلینجر کی جانب سے کھیل رہے تھے۔

ساؤتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر محمد موسٰی جی کا خیال ہے کہ ڈیل نے شدید سر درد کی بیماری سے نجات حاصل کرنے کے لیے ادویات کا استعمال کیا تھا جس کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مارفین کا نارمل لیول ایک مائیکرو گرام فی ملی گرام ہونا چاہیے جب کہ ڈئیل کے ٹیسٹ میں یہ مقدار ایک اعشاریہ ایک سے تین تک تھی۔ جس کی وجہ سے بورڈ اس بات کی وضاحت چاہتا ہے کہ یہ مقدار زیادہ کیوں تھی۔

آئی پی ایل
،تصویر کا کیپشندو ہزار گیارہ کے آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی

ڈاکٹر موسی جی نے کہا کہ اس حوالے سے آئی پی ایل کو ایک خط لکھا گیا ہے اور ان کے جواب انتظار کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا سال دو ہزار دس کے لیے انڈين پریمئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔اگلے سال ٹورنامنٹ شیڈول سے ایک ماہ پہلے شروع ہو گا۔

آٹھ ٹیموں کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز بارہ مارچ سے ہو گا اور یہ پینتالیس دن جاری رہے گا۔ دو ہزار دس کے ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے ایک میچ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انڈين پریمئر لیگ کے چیئرمین للت مودی نے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنہ دو ہزار گیارہ کے آئی اپی ایل ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں شرکت کریں گی اور اس کے لیے کھلاڑیوں کی نئے سرے سے نیلامی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم میں دس غیر ملکی کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں لیکن ایک وقت میں صرف چار کھلاڑی ہی میچ میں حصہ لے سکیں گے۔للت مودی نے اس موقع پر کہا کہ آئی پی ایل کی ٹیموں میں شامل ہونے کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاس ان کے کرکٹ بورڈ کا اجازت نامہ ہونا ضروری ہے۔