ایشز: بکیز کے رابطوں کی تحقیقات

فائل فوٹو ایشز
،تصویر کا کیپشنایشز سیریزاس وقت برابر ہے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ جمعرات کے روز سے شروع ہو رہا ہے
وقت اشاعت

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے عہدیدار اس دعوٰی کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ایشز سیریز کے دوران ایک مشتبہ بک میکر نے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

آئی سی سی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے اطلاع ملنے کے بعد تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینے انگلینڈ میں کھیلے جانے والی ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک مشتبہ شخص جس کا تعلق غیر قانونی سٹہ بازوں سے بتایا جاتا ہے نے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کے ساتھ رابطہ کیا تھا۔

کرک انفو کے مطابق نامعلوم آسٹریلوی کھلاڑی نے رابطے کے بارے میں فوری طور ٹیم کے اعلٰی عہدیداروں کو آگاہ کیا جنہوں نے بعد میں انٹرنشینل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن اور سکیورٹی یونٹ کو مطلع کر دیا۔

آئی سی سی کے ترجمان نے بتایا کہ ’وہ تصدیق کرتے ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے اینٹی کرپشن اور سکیورٹی یونٹ کو واقعے کے بعد میں اطلاع کی گئی ہے۔‘

اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ نے ایک آگاہی منصوبہ شروع کیا ہے جس میں تمام بین الاقوامی کرکٹ کے ہر ایک کھلاڑی کو اس بات کا ذمہ دار بنایا جا رہا ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا اس سے متعلق کسی بھی اطلاع کے بارے میں پتہ چلتا ہے تو اس کے بارے میں فوری طور پر آئی سی سی کو آگاہ کیا جائے۔

آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق آسٹریلین کھلاڑی کے کیس کی وجہ سے لگتا ہے کہ آگاہی مہم نے کام دیکھا ہے اور ہمیں اطلاع ملی جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔