یوسین بولٹ تیز سے تیز تر

یوسین بولٹ
،تصویر کا کیپشنمیں اچھا نہیں لیکن تیز دوڑا: بولٹ
وقت اشاعت

جمیکا کے یوسین بولٹ نے برلن میں جاری عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں ایک سو میٹر کے بعد دو سو میٹر کا بھی اپنا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ جمعرات کو دو سو میٹر کے مقابلے میں انہوں مقررہ فاصلہ انیس اعشاریہ انیس سیکنڈ میں طے کر کے نیا ریکارڈ بنایا۔

بائیس سالہ بولٹ نے دو سو میٹر کا فاصلہ دیگر ایتھلیٹوں سے واضح برتری سے جیتا اور دوسرے نمبر پر آنے والے ایتھلیٹ کا وقت انیس اعشاریہ اکیاسی سیکنڈ تھا۔

انہوں نے اس سے پہلے گزشتہ سال بیجنگ اولمپکس میں یہی فاصلہ انیس اعشاریہ تیس سیکنڈ میں دوڑ کر ریکارڈ بنایا تھا۔

بولٹ نے اتوار کو ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں میں ایک سو میٹر کی دوڑ نو اعشاریہ اٹھاون سیکنڈ میں دوڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

بولٹ دو سو میٹر کی دوڑ میں ریکارڈ بنانے کے بعد دنیا کے پہلے ایسے ایتھلیٹ ہیں جو ایک ہی وقت میں ایک سو اور دو سو میٹر کی دوڑ میں اولمپکس اور عالمی چیمپیئن ہیں۔

اس ہفتے کے آغاز پر بولٹ نے کہا تھا کہ وہ اس سال گاڑی کے ایکسیڈنٹ کے وجہ سے کچھ عرصہ ٹریننگ نہیں کر سکے تھے جس کے بعد انہیں دو سو میٹر کی دوڑ میں نئے ریکارڈ کی توقع نہیں۔

بولٹ نے ریس جیتنے کے بعد کہا تھا کہ وہ تھکان کا شکار ہیں اور انہیں نئے ریکارڈ کی بالکل توقع نہیں تھی۔ ’میں نے سوچا کہ کوشش کر کے دیکھوں کیونکہ لوگ بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، میں نے کہا کہ کوشش کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ سو میں نے بہت زور لگایا اور اب میں بہت تھکا ہوا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ شاید اگلی بار انہیں صرف ایک سو میٹر یا دو سو میٹر کی دوڑ میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فارم متاثر ہو رہی تھی، وہ سیدھا نہیں دوڑ پا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی نہیں لیکن تیز دوڑ تھی۔

بولٹ نے بیجنگ کے اولمپکس مقابلوں میں تین ریکارڈ بنائے تھے۔ اب برلن میں ان کی کارکردگی کے بعد انہیں تاریخ کا بہترین تیز دوڑنے والا ایتھلیٹ سمجھا جا رہا ہے۔

’میں نے یقیناً دنیا کو دکھا دیا کہ بیجنگ میں میرے ریکارڈ مذاق نہیں تھے‘۔