ایشز ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں

ایشز سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ انتہائی دلچسپ صورت حال اختیار کر گیا ہے اور میچ کے دوسرے دن بالر مکمل طور پر کھیل پر چھائے رہے۔ دوسرے دن مجموعی طور پر پندرہ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
کھیل کے دوسرے روز پہلی ہی گھنٹے میں انگلینڈ کی باقی دو وکٹیں گرگئیں اور انگلینڈ کی پوری ٹیم تین سو بتیس کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو چائے کے وقفےسے تھوڑی دیر بعد اس کے تمام کھلاڑی ایک سو ساٹھ کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کھیل ختم ہونے سے پہلے اس کے تین کھلاڑی انسٹھ کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں الیسٹر کک، ایئن بیل اور کالنگ وڈ شامل تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے دو وکٹیں جانسن جبکہ ایک وکٹ نارتھ نے حاصل کی۔ ایئن بیل جنہوں نے اپنی پہلی اننگ میں بہتّر رن بنائے تھے دوسری اننگز میں صرف چار رن بنا پائے اور کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پال کالنگ وڈ پہلی اننگز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔ دوسری اننگز میں جانسن کے ایک باؤنسر کو روکتے ہوئے قریب ہی کھڑے فیلڈر کیٹچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بیل کا کیچ بھی کیٹچ ہی نے پکڑا تھا۔
تاہم دوسری طرف انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس آسٹریلیا کی بالنگ کا مقابلہ کر رہے ہیں اور انہوں نے اب تک چار چوکوں کی مدد سے سو گیندوں پر بتیس رن بنائے ہیں۔
اس سے قبل انگلینڈ کی طرف سے نوجوان بالر سٹیورٹ براڈ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینتسں رن دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سوان بھی کامیاب ثابت ہوئے اور انہوں نے چار وکٹ حاصل کئیں۔
آسٹریلیا کی طرف سے سائمن کیٹچ کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ کیٹچ نے پچاس رن بنائے اور انہیں سوان نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں تین سو بتیس رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے ائین بیل نےبہتّر رن بنائے اور کپتان اینڈیو سٹراس نے بھی نصف سنچری کی۔
اس میچ میں سب سے زیادہ اہمیت اپنی زندگی کا آخری میچ کھیلنے والے کھلاڑی فلنٹاف کو دی جا رہی تھی لیکن وہ بیٹنگ کے بعد بالنگ میں بھی اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے۔ فلنٹاف بیٹنگ میں سات رن بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ بالنگ میں انہیں صرف ایک وکٹ ملی۔
اب تک انگلینڈ کو میچ میں مجموعی طور دو سو تیس رن کی برتری حاصل ہے۔


















