سلیم الطاف عہدے سے ہٹا دیے گئے

سلیم الطاف
،تصویر کا کیپشنسلیم الطاف ماضی میں سلیکٹر کے طور پر بھی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔
    • مصنف, عبد الرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم الطاف کو فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سلیم الطاف کے چیئرمین اعجاز بٹ سے شدید اختلافات چلے آرہے تھے اور انہیں ان کے عہدے سے ہٹانے کے لئے اعجاز بٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے اراکین سے رسمی منظوری لے لی تھی۔ پیر کی رات سلیم الطاف کو فارغ کیے جانے کا خط بھی بھجوا دیا گیا۔

پینسٹھ سالہ سلیم الطاف جنہوں نےاکیس ٹیسٹ اورچھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی شہریارخان کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بنے تھے لیکن شہریارخان اور ان کے دست راست عباس زیدی سے بھی ان کے اختلافات رہے۔

ڈاکٹر نسیم اشرف کے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے کے بعد پہلے تو وہ ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنز کے طور پر کام کرتے رہے تاہم بعد میں ان سے بھی اختلافات کے پیش نظر انہیں ورلڈ کپ پروجیکٹ کا ڈائریکٹر بناکر غیرموثر کردیاگیا تھا۔

اس دوران سلیم الطاف نے ڈاکٹر نسیم اشرف پر ان کی گفتگو ریکارڈ کرنے کا الزام عائد کیا جبکہ ڈاکٹر نسیم اشرف نے انہیں کرکٹ بورڈ کی اہم خبریں اور دستاویز مبینہ طور پر میڈیا کو فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے برطرف کردیا تھا۔

سلیم الطاف نے جسٹس ملک محمد قیوم کی وکالت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف مقدمہ جیت کر پی سی بی ہیڈکوارٹر میں اپنی اہم پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی اور جب اعجاز بٹ چیئرمین بنے تو وہ پہلے ڈائریکٹرجنرل اور پھر ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بنادیئے گئے لیکن اعجاز بٹ سے بھی ان کی نہ بنی اور دونوں کے درمیان متعدد معاملات پر اختلافات کھل کر سامنے آئے۔

سلیم الطاف ماضی میں سلیکٹر کے طور پر بھی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔