آئی سی سی ایوارڈز، دھونی، دلشن سرِفہرست

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے پانچ رکنی پینل کے متفقہ فیصلہ کے بعد انڈیا کے مہیندر سنگھ دھونی اور سری لنکا کے تلکارتنے دلشن کو چھٹے آئی سی سی سالانہ ایوارڈز کے لیے سب سے زیادہ نامزدگیاں ملی ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کو 13 گست 2008 سے لے کر 24 اگست 2009 تک تین زمروں میں عمدہ کارکردگی پر نامزد کیا گیا ہے۔
دلشن نے اس دوران آٹھ ٹیسٹ میچوں میں 70.66 کی اوسط سے 848 رنز بنائے۔ انہیں 2009 میں انگلینڈ میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔ ان کو آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو تین بھی مختلف زمروں میں نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔ انہیں سال کے بہترین کھلاڑی، سال کے بہترین ٹیسٹ پلیئر اور ایک روزہ میچ کے بہترین کھلاڑی کی فہرست میں بھی جگہ ملی ہے۔
دھونی کے ساتھ ہی ہر بھجن سنگھ اور گوتم گمبھیر کا نام بھی کرکٹر آف دی ایئر کی فہرست میں شامل ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کے لیے دھونی کے ساتھ ہی وی وی ایس لکشمن، ہر بھجن اور گھمبھیر کو بھی اس فہرست میں جگہ ملی ہے۔
کرکٹر آف دی ایئر کے لیے ان دونوں کے علاوہ شیونارائن چندرپال، کمار سنگاکارا، ڈینیئل ویٹوری، اے بی ڈیویلیئرز جیسے کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔
ٹیسٹ پلیئر آف ایئر گریم سمتھ، سٹیورٹ براڈ، مائیکل کلارک، سماراویرا، ہربھجن سنگھ، اینڈریو سٹراس اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔
ایک روزہ میچوں کے بہترین کھلاڑیوں میں چندرپال، دھونی، فلنٹاف، کرس گیل، عمر گل، مارٹن گپتل، مائیکل ہسی، نوان کلاسیکارا، اجنتھا مینڈس، مرلی دھرن، یوراج سنگھ، وریندر سیہواگ اور تھلن تھوشارا کے نام ہیں۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پرفارمنس آف دی ایئر میں پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی، سعید اجمل، عمر گل، اور عبدالرزاق کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ انڈیا کے کرکٹر ظہیر خان بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ آئر لینڈ میں ظہیر نے محض انیس رن دے کر چار وکٹ لے لیے تھے۔ ان کی اس کارکردگی کو کافی سراہا گیا تھا۔
آئی سی سی ایوارڈ پینل کے چیئرمین ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ ہیں اور ان کے ساتھ پینل میں انڈین سابق ٹیسٹ کپتان انیل کمبلے، پاکستان کے مدثر نظر، انگلینڈ کے باب ٹیلر اور نیوزی لینڈ کے سٹیفن فلیمنگ شامل تھے۔


















