’پانچ دن میں خامیاں دور نہیں ہوسکتیں‘

انتخاب عالم
،تصویر کا کیپشنانتخاب عالم کا کہناہے کہ بیٹسمینوں کی تیکنیکی خامیوں کودور کرنے کا کام وقت طلب ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ بحیثیت بیٹنگ کنسلٹنٹ جاوید میانداد کے تجربے سے بیٹسمینوں کو فائدہ ہوسکتا ہے لیکن پانچ دن میں بیٹسمینوں کی خامیاں دور نہیں ہو سکتیں۔

انتخاب عالم نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’بیٹسمینوں کی تیکنیکی خامیوں کودور کرنے کا کام وقت طلب ہے جس میں چھ سات ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس میں پہلے تو بیٹسمینوں کی ویڈیوز بنائی جانی چاہییں جن سے ان کی خامیاں دیکھ کر انہیں دور کرنے پر کام کیا جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’چار پانچ دن میں بیٹسمینوں کو ٹپس ضرور دی جاسکتی ہیں لیکن ان کی خامیوں کو دور نہیں کیا جا سکتا۔‘

انتخاب عالم نے کہا کہ وہ بحیثیت کوچ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ ہر شعبے میں کام کر رہے ہیں اور جو بھی خامیاں سامنے آئی ہیں انہیں دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے دورے میں بیٹسمینوں کی غیرمستقل مزاج کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاوید میانداد کو بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے اور وہ چیمپئنز ٹرافی کے تربیتی کیمپ میں بیٹسمینوں کو تیکنیکی رہنمائی فراہم کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ جاوید میانداد ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقہ جائیں گے یا نہیں؟

پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا ہے پہلے مرحلے میں کھلاڑی چھ ستمبر تک فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کرینگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر محتشم رشید کا تقرر کیا ہے۔

قومی کیمپ کا دوسرا مرحلہ بارہ سے سولہ ستمبر تک کراچی میں ہوگا جس میں کھلاڑی فلڈ لٹ میں بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کرینگے اسی مرحلے میں جاوید میانداد بیٹسمینوں کی کوچنگ کریں گے۔

پاکستانی ٹیم سترہ ستمبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگی۔ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم گروپ اے میں ویسٹ انڈیز۔ آسٹریلیا اور بھارت کے ساتھ ہے۔ اس کا پہلا میچ23 ستمبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جوہانسبرگ میں ہوگا۔26 ستمبر کوو وہ سنچورین میں بھارت کے خلاف مدمقابل ہوگی جبکہ30 ستمبرکو وہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرا میچ سنچورین میں کھیلے گی۔