نیویارک: ڈیمنٹیوا اور جینکووچ کو شکست

جینکووچ
،تصویر کا کیپشنجینکووچ میچ میں آؤٹ آف فارم دکھائی دیں
وقت اشاعت

عالمی نمبر چار الینا ڈیمنٹیوا اور عالمی نمبر پانچ جیلینا جینکووچ یو ایس اوپن ٹینس مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں ہی شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہوگئی ہیں۔

نیویارک میں جاری سال کے آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں ڈیمنٹیوا کو امریکی نو عمر کھلاڑی میلین آؤڈن نے ہرایا جبکہ گزشتہ برس یو ایس اوپن کے فائنل تک رسائی پانے والی جینکووچ کو قزاقستان کی یاروسلاو شیویدووا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جینکووچ اس میچ میں اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکیں اور ابتدائی سیٹ میں شکست کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی ایک موقع پر ان کی شکست واضح دکھائی دے رہی تھی۔ تاہم انہوں نے دوسرا سیٹ ٹائی بریکر پر جیت کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ تیسرے سیٹ میں عالمی درجہ بندی میں پچپن ویں نمبر کی کھلاڑی شیویدووا نے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹائی بریکر پر جانے والے اس سیٹ کو جیت کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ یہ مقابلہ دو گھنٹے اور چالیس منٹ تک جاری رہا۔

دوسرے راؤنڈ میں خواتین کے دیگر مقابلوں میں عالمی نمبر ایک روس کی دینارا سفینہ نے جرمنی کی کرسٹینا بیروئس کو تین سیٹ کے سخت مقابلے کے بعد شکست دی جبکہ روس کی ہی ماریا شیراپووا نے سٹریٹ سیٹس میں فتح حاصل کی۔

بھارت کی ثانیہ مرزا سنگلز مقابلوں میں اٹلی کی فلیویا پنیٹا کے ہاتھوں سٹریٹ سیٹس میں شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہو گئیں تاہم وہ ڈبلز اور مکس ڈبلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ کے میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا چکی ہیں۔