ارب پتی بھی اقتصادی بحران سے متاثر

انیل امبانی
،تصویر کا کیپشنارب پتی فہرست میں انیل امبانی کی درجہ بندی میں اٹھائیس درجوں کی کمی آئی
وقت اشاعت

عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے کاروباری جریدے فوربز کی سنہ 2009 کے ارب پتی افراد کی عالمی فہرست سے تین سو بتیس افراد کا نام خارج کر دیا گیا ہے جبکہ بھارت کی ارب پتی کاروباری شخصیت انیل امبانی کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والی کاروباری شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

انیل امبانی کے اثاثوں کی مالیت میں گزشتہ بارہ ماہ میں قریباً اکتیس ارب نوے کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

بھارت میں ٹیلی کام اور فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے انیل امبانی سنہ 2008 میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی شخصیت تھے اور اس نقصان کے بعد وہ فہرست میں چھٹے درجے سے چونتیسویں درجے پر آ گئے ہیں۔

انیل امبانی کے علاوہ بھارت سے تعلق رکھنے والی دیگر ارب پتی شخصیات کو بھی بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انیل کے بھائی مکیش امبانی اور لکشمی متل جیسے افراد کے اثاثوں کی مالیت آدھی رہ گئی ہے۔ گزشتہ برس مکیش امبانی کے اثاثوں کی مالیت کا اندازہ تینتالیس ارب ڈالر کے لگ بھگ لگایا گیا تھا۔ اس برس مکیش کے اثاثوں کی مالیت ساڑھے انیس ارب ڈالر کے لگ بھگ رہ گئی ہے تاہم وہ اب بھارت کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

سٹیل کی دنیا کی جانی پہچانی شخصیت لکشمی متل کو بھی عالمی اقتصادی بحران نے خاصا متاثر کیا ہے اور ان کے گزشتہ برس کے پینتالیس ارب ڈالر کے اثاثوں کی مالیت اس برس انیس ارب تیس کروڑ ڈالر لگائی گئی ہے اور وہ عالمی فہرست میں چوتھے درجے سے آٹھویں درجے پر آ گئے ہیں۔

فوربز کی فہرست کے مطابق اب دنیا میں سات سو ترانوے افراد ایسے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے جبکہ گزشتہ برس کے دوران ان افراد میں سے صرف چوالیس ایسے لوگ ہیں جن کی دولت میں اضافہ ہوا جبکہ بقیہ چھ سو چھپن کو نقصان اٹھانا پڑا۔

تازہ ترین فہرست کے مطابق مائیکروسافٹ کے سربراہ بل گیٹس ایک مرتبہ پھر دنیا کی امیر ترین شخص بن گئے ہیں اور اٹھارہ ارب ڈالر کی کمی کے باوجود ان کے اثاثوں کی مالیت اب چالیس ارب ڈالر ہے۔ دوسرا مقام امریکہ کے ہی وارن بفے کے پاس ہے جن کے اثاثوں کی مالیت سینتیس ارب ڈالر ہے۔ سنہ 2008 میں بفے تیرہ برس کے عرصے کے بعد بل گیٹس کی جگہ امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے تاہم اس برس وہ یہ مقام برقرار نہ رکھ سکے۔ کمیونیکشن کاروبار سے منسلک میکسیکو سے تعلق رکھنے والے کارلوس سلم ہلو اینڈ فیملی کے اثاثوں کی مالیت پینتیس ارب ڈالر ہے اور وہ تیسرے درجے پر ہیں۔

عالمی اقتصادی بحران جہاں زیادہ تر کاروباری افراد کے لیے ایک زحمت ثابت ہوا وہیں کچھ کاروباری شخصیات ایسی بھی ہیں جنہیں اس صورتحال سے فائدہ ہوا ہے۔ ان افراد میں کم قیمت ملبوسات کی جاپانی فرم یونقلو کے مالک تداشی ینائی بھی شامل ہیں جو چھ ارب ڈالر کے اثاثوں کے ہمراہ پہلی مرتبہ اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔