عراق دھماکہ: کم از کم25 ہلاک

پولیس کے مطابق عراق کے صوبے دیالہ میں ایک خود کش دھماکے میں کم از 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاع کے مطابق دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خود کش بمبار نے جلولا میں جنازے میں شریک لوگوں کو نشانہ بنایا۔پیر کو عراق میں یہ دوسرا بم دھماکہ تھا۔اس سے قبل بغداد کے قریب ابو غریب کے ہونے والے دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار ہیو سائیکس کا کہنا ہے کہ عراق کے دوسرے حصوں میں کنٹرول ختم ہونے کے بعد القاعدہ نے دیالہ میں کئی حملے کیے ہیں۔
نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دراصل ایک مقامی سیاسی رہنما کو نشانہ بنایا گیا تھا جو جنازے میں شریک تھے۔اس ماہ کے اوائل میں امریکی افسران نے کہا تھا کہ عراق میں تشدد میں کمی آئی ہے اور اس کے بعد سے ہی تشدد کے واقعات میں تیزی آگئی۔
دس مارچ کو ابوغریب میں ہونے والے ایک حملے میں 33 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اسی ہفتے پولیس میں بھرتی کرنے والے ایک مرکز پر حملے میں تیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس کے علاوہ بابل صوبے میں ایک اور دھماکے میں دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔


















