افغانستان کانفرنس، ایران شرکت پر تیار

ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی حمایت یافتہ افغانستان عالمی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔
دی ہیگ میں ہونے والی اس کانفرنس میں اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت دنیا کے اسی ممالک کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کا نمائندہ اس کانفرنس میں شرکت کرے گا لیکن ابھی تک یہ طے نہیں ہوا ہے کہ ایران کی نمائندگی کون کرے گا۔
ادھر امریکی دفتر خارجہ نےاس تاثر کی نفی کی ہے کہ دی ہیگ میں ہونے والی کانفرنس کے دوران امریکہ اور ایران کے تعلقات میں کوئی بڑی پیشرفت متوقع ہے۔
چند ہفتے قبل امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے برسلز میں کہا تھا کہ افغانستان پر ایک کثیر الملکی کانفرنس ہونی چاہیے جس میں ایران کو بھی شامل ہونا چاہیے۔
امریکی کے نئے صدر براک اوبامہ نے عہدہ صدارت سنھبالتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ایران کے ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہے اگر وہ اپنے بند مٹھی کو کھولنے پر تیار ہو۔
ہیلری کلنٹن نے کہا تھا کہ ایران سمیت تمام ایسے ممالک کو افغانستان کانفرنس میں بلایا جانا چاہیے جن کا افغانستان میں استحکام سے مفاد وابستہ ہے۔


















