آرجنٹینا:سابق صدر الفونسین انتقال کرگئے

جنوبی امریکہ کے ملک آرجنٹینا میں فوجی حکومت کے خاتمے کے بعد جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے سابق صدر راؤول الفونسین انتقال کر گئے ہیں۔
ان کی عمر بیاسی برس تھی۔
راؤول الفونسین انیس سو تراسی میں آرجنٹینا کے صدر منتخب ہوئے جب وہاں فوجی حکومت ختم ہوئی۔ فوج انیس سو چھتہر سے انیس سو تراسی تک اقتدار پر قابض رہی۔ اس دوران پڑوسی ملک چلی میں بھی جنرل پنوشے کی فوجی آمریت تھی۔اس زمانے میں دونوں ممالک میں فوج نے اس کی مخالفت کرنے والے سیاسی کارکنوں کے خلاف انتہائی ظالمانہ کارروائی کی۔ ہزاروں افراد کو مشتبہ بائیں بازو کے انتہا پسند کہہ کر اغوا کیا گیا۔ ہزاروں لا پتہ افراد کو کیمپوں میں بھیجا گیا اور ان کو ہلاک کر کے ان کے لاشوں نا معلوم مقامات پر پھینک دیا گیا۔
راؤول الفونسین کے دور حکومت میں کئی سابق فوجی افسروں کے حلاف سیاسی کارکنوں کے اغوا، تشدد اور قتل کے مقدمات چلائے گئے تھے ۔ بہت سے افسروں کو سزا بھی ہوئی اور انہیں جیل جانا پڑا۔راؤول الفوسنین انیس سو نواسی تک آرجنٹینا کے صدر رہے
راؤول الفونسین انیس سو نواسی تک آرجنٹینا کے صدر رہے۔ ان کو آرجنٹینا کی معیشت کے مسائل کی وجہ سے شکست ہوئی۔ ان کے دور حکومت میں افراط زر کی شرح دو سو تک پہنچ گئی تھی اور غربت کی شرح دوگنی ہو گئی تھی۔ تاہم صدر الفونسین کی ایک بڑی کامیابی یہ ہے کہ وہ ایک اور جمہوری منتخب صدر کو اقتدار منتقل کر سکے۔


















