سری لنکن فوج کا اعلان جنگ بندی

سری لنکا
،تصویر کا کیپشنسنہالا اور تاملوں کے نئے سال کے آغاز کے دودن حکومت کی جانب سے جنگ بندی رہے گی
وقت اشاعت

سری لنکا کی حکومت نے ملک کے شمال مشرقی حصے میں تامل باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

حکومت کے اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو جنگ کا شکار علاقوں سے بحفاظت نکلنے کا راستہ فراہم کیا جاسکے۔ یہ اقدام نیا سال شروع ہونے کی خوشی میں اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں باغیوں کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

سری لنکن حکام پر بین الاقوامی دباؤ بڑھ رہا ہے کہ جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہزاروں افراد کو ان علاقوں سے نکلنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

جنگ بندی کا اعلان کابینہ کے ایک اہم اجلاس کے بعد کیا گیا۔ اس اجلاس کی سربراہی صدر مہندا راجا پاکسے کررہے تھے۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ روہیتا بوگولاگاما نے بی بی سی کو بتایا کہ سنہالا اور تاملوں کے نئے سال کے آغاز کے دودن حکومت کی جانب سے جنگ بندی رہے گی۔

ملک کے کئی حصوں میں جنگ بندی سے قبل احتجاجی مظاہرے بھی کیے جارہے تھے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ انہوں نے تاملوں کے بڑے علاقے پر قبضہ کرکے باغیوں کو ایک چھوٹے حصے تک محدود کردیا ہے اور ان پر جنگ بندی کے دورا کسی بھی طرف سے فائرنگ نہیں کی جائے گی۔