ایک اور امریکی جہاز پر حملہ

صومالیہ کے قریب سمندری قزاقوں نے امریکہ کے ایک اور مال بردار جہاز پر راکٹوں اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے۔
بحری قزاقوں نے امریکی بحری جہاز ’لبرٹی سن‘ کو جو خوراک کی امداد لے کر جا رہا تھا حملہ کر کے نقصان پہنچایا لیکن اس پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
لبرٹی سن کے عملے نے امریکی کے جنگی جہاز سے جس نے گزشتہ دنوں ایک اور امریکی مال بردار جہاز کے کپتان کو بحری قزاقوں کے قبضے سے چھڑایا تھا مدد طلب کی۔
بحری قزاقوں نے دھمکی دی تھی کہ وہ اپنے ان ساتھیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے جو امریکہ اور فرانس کی بحریہ سے جھڑپ میں ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکہ اور فرانس کی طرف سے امریکی جہاز کے کپتان کو چھڑانے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران بحری قزاقوں کے تین ساتھی مارے گئے تھے۔
بی بی سی کے نامہ نگار جوانتھن بھیل کا کہنا ہے کہ بحری قزاقوں کی طرف سے تازہ حملے سے صومالیہ کے ساحل کے قریب سے گزرنے والے جہازوں کو بحری قزاقوں سے خطرے کی نوعیت کا انداز ہوتا ہے۔
لبرٹی سن کے مالکان اور امریکی فوج نے بدھ کو ہونے والے ناکام حملے کی تصدیق کر دی ہے۔


















