افغانستان میں دو زلزلے، متعدد ہلاک

افغانستان میں زلزلہ(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنشمالی افغانستان کے پہاڑی علاقوں میں زلزلے آتے رہتے ہیں
وقت اشاعت

افغانستان میں درمیانے درجے کی شدت کے دو زلزلوں سے کم از کم انیس افراد ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں مکانات بھی منہدم ہوئے ہیں۔

افغان وزارتِ داخلہ اور صوبائی حکام کے مطابق یہ زلزلے صوبہ ننگرہار میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے نزدیک آئے اور ان سے میرگدخیل اور اس ملحقہ گاؤں میں تباہی ہوئی ہے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق پانچ اعشاریہ پانچ شدت کا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے کے قریب آیا جس کے دو گھنٹے بعد دوسرا زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر پانچ اعشاریہ ایک تھی۔

افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان زماری بشیری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ پولیس نے جمعہ کی صبح کام شروع کیا اور تمام انیس لاشیں نکالیں۔ ان کا یہ بھت کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کام جاری ہے اور ملبے میں سے مزید ہلاک شدگان اور زخمیوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ دیہات کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔ ایک دیہاتی گل محمدنے بتایا کہ ’ میرے خاندان کے تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ میرے خیال سے چالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں‘۔

شمالی افغانستان اور پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں زلزلے آتے رہتے ہیں۔ سنہ 2005 میں پاکستان کے شمال مغربی پہاڑی علاقے میں آنے والے زلزلے سے چوہتر ہزار افراد ہلاک اور ساڑھے تین لاکھ بے گھر ہوگئے تھے۔