’کساد بازاری سے انسانی بحران کا خطرہ‘

عالمی بینک
،تصویر کا کیپشنعالمی مالیاتی بحران سے عہدہ برآ ہونے میں غریب ملکوں کی مدد اس اجلاس کے ایجنڈے میں سرِ فہرست تھا۔
وقت اشاعت

عالمی بینک کے صدر رابرٹ زولک نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاشی بحران سے نپٹنے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ عالمی مالیاتی بحران سے عہدہ برآ ہونے میں غریب ملکوں کی مدد اس اجلاس کے ایجنڈے میں سرِ فہرست تھا۔

عالمی بینک کے صدر نے کہا کہ موجودہ مالیاتی بحران کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں غربت کوختم کرنے کے لیے جو عالمی اہداف مرتب کیے گئے تھے ان میں اکثر پورے نہیں ہو سکیں گے۔ ان اہداف کا تعلق بھوک، زچہ و بچہ کی صحت، تعلیم، ایچ آئی وی اور ایڈز، ملیریا اور دیگر بڑی بیماریوں کے خاتمے میں پیش رفت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے پچپن سے نوے ملین تک مزید افراد انتہائی غربت کا شکار ہو جائیں گے۔

مسٹر رابرٹ زولک نے امیر ملکوں پر زور دیا کہ اس سلسلے میں فراخدلی سے مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو عالمی بینک غریب ملکوں کی مدد کرنے کے سلسلے میں بہت مضبوط پوزیشن میں ہے۔

اس سے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی میں لاطینی امریکہ اور ایشاء کے مالیاتی بحرانوں کے موقع پر کی جانے والی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے جب صحت، تعلیم اور خوراک کے بجٹ میں کٹوتی سے سماجی عدم استحکام اور معرومیوں نے جنم لیا تھا۔