سوائن فلو:خطرے کی سطح بلند

اقوامِ متحدہ کی تنظیم برائے صحت نے سوائن فلو کے خطرے کی سطح بلند کر دی یہ سطح بڑھا کر اب پانچ کر دی گئی ہے جو عالمی سطح پر فلو کے وباء بننے سے صرف ایک درجہ کم ہے۔
پانچویں درجہ کا مطلب ہے کہ فلو کم سے کم دو ملکوں میں انسان سے انسان تک منتقل ہو رہا ہے۔
یہ اقدام امریکی ریاست ٹیکساس میں میکسیکو کے ایک تئیس ماہ کے بچے کے سوائن فلو سے ہلاکت کے بعد کیا گیا۔
واشنگٹن میں حکام نے اس مریض کی اور کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے تاہم یہ امریکہ میں ان اکیانوے مریضوں میں سے ایک تھا جن میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ہلاک ہونے والا یہ دو سالہ لڑکا اپنے خاندان کے ساتھ میکسیکو سے امریکہ میں اپنے رشہداروں سے ملنے آیا ہوا تھا۔امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وہ چار اپریل کو ٹیکساس پہنچا تھا اور چند ہی روز بعد وہ بیمار ہو گیا۔
سپین میں افسران نے سوائن فلو کے پہلے واقعہ کی تصدیق کی ہے وہ بھی ایک ایسے شخص میں جو میکسیکو نہیں گیا تھا۔میکسیکو کے صدر نے بدھ کی رات قوم سے خطاب کرتے ہوئے پہلی سے پانچ مئی کے دوران غیر ضروری کام جزدی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا۔
میکسیکو کے صدر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں کے اندر رہیں۔
جنیوا میں ڈبلیو ایچ اور کے اجلاس میں تازہ الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چان نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی انتظامات کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایمرجنسی بنیادوں پر کی جانی چاہئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی صدر براک اوباما نے صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے ملک میں مقامی حکام سے کہا ہے کہ اس بارے میں وہ ہوشیار رہیں اور اگر وہ مناسب سمجھیں تو سکول بھی بند کر دیں۔
میکسیکو میں اب تک اس وائرس کے ایک سو انسٹھ مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ یورپ میں بھی اس کے کئی اور مریضوں کا پتہ چلا ہے۔
عالمی ادارہ صحت یا ’ڈبل یو ایچ او‘ نے سوائن فلو کے پھیلاؤ کے بارے میں ایک اجلاس طلب کیا ہے۔ اس سے پہلے اس نے مختلف ممالک سے کہا تھا کہ وہ اس وائرس کے وباہ بن جانے کی صورت میں اپنی حکمت عملی تیار کر لیں۔ تاہم عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں گھبراہٹ کی حالت میں غلط فیصلے نہیں کرنے چاہیں اور یہ کہ سفر پر پابندیاں لگانے سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔
لیکن فرانس کی وزیر صحت نے کہا ہے کہ فرانس چاہتا ہے کہ یورپی یونین سوائن فلو کے پھیلاؤ کے پیش نظر میکسیکو جانے والی تمام پروازوں کو معطل کر دے۔ فرانس یہ معاملہ لکسمبرگ میں منعقد ستائیس ممالک کے وزرائے صحت کے اجلاس میں اٹھائے گا۔
جرمنی میں بھی سوائن فلو کے تین اور مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان میں ہیمبرگ میں ایک بائیس سالہ خاتون اور بویریا میں ایک ستآییس سالہ خاتوں اور ایک تیس سالہ مرد شامل ہیں۔ تینوں حال میں ہی میکسیکو سے واپس آئے تھے۔
برطانیہ میں اس فلو کے تین اور مریضوں کا پتہ چلا ہے جن سے اب برطانیہ میں ان مریضوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ پہلے دو کیس سکاٹ لینڈ میں ہوئے تھے لیکن ان نئے تین مریضوں کا تعلق پئنٹن، لندن اور برمنگھم سے ہے۔ برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے پارلیمان کو بتایا کہ ان تینوں کا علاج جاری ہے اور حالت بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یہ تینوں افراد میکسیکو سے واپس آئے ہیں
سپین میں بھی سوائن فلو کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کی تعداد اب دو سے دوگنی ہو کر چار ہو گئی ہے۔ یہ چاروں مریض میکسیکو سے سپین آئے تھے۔






















