جنوبی افریقہ کے نئے صدر نے حلف لیا

افریقی نیشنل کانگریس کے رہنما جیکب زوما نے جنوبی افریقہ کے نئے صدر طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
انہوں نے پانچ ہزار مہمانوں اور اپنے حامیوں کے ہجوم کے درمیان پریٹوریا ميں واقعہ یونئن بلڈنگ میں حلف اٹھایا ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے اس لمحے کو جنوبی افریقہ کے لیے " تبدیلی کا لمحہ قرار" دیا اور اس کے علاوہ انہوں نے ایک ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا " میں نے خود کو ایمانداری، شفقت اور پوری طرح سے ملک کی خدمت کرنے کے لیے وقف کر لیا ہے۔"
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق اس وقت وہاں کا ماحول ایک جشن کی طرح تھا جس پر بارش اور شدید سردی کا بھی اثر نہيں پڑا۔
دو ہفتے قبل ملک میں ہوئے عام انتخابات میں افریقی نیشنل کانگریس یعنی اے این سی نے جیت حاصل کی تھی اور اس کے بعد بدھ کو پارلیمانی اراکین نے باقاعدہ طور پر 67 سالہ زوما کو اپنا صدر منتخب کیا تھا۔
توقع ہے کہ اتوار کو وہ اپنی کابینہ تشکیل دیں گے۔
حلف برداری کے جشن میں ملک کے سابق صدر نیلسن منڈیلا اور تھابو امبیکی نے بھی شرکت کی۔ مسٹو زوما پندرہ برس پہلے نسلی امیتاز کے خاتمے کے بعد ملک کے چوتھے صدر بنے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















