بینک کی غلطی، کروڑں کا فائدہ

نیوزی لینڈ میں پولیس ایک ایسے جوڑے کی تلاش کر رہی ہے جو بینک کے بیس لاکھ (نیوزی لینڈ) ڈالر لیکر فرار ہو گئے۔بینک نے غلطی سے یہ رقم ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دی تھی۔
مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق اس جوڑے نے دس ہزار ڈالر کے اوور ڈرافٹ کی سہولت کی درخواست کی تھی لیکن بینک نےغلطی سے ان کے بزنس اکاؤنٹ میں دس ملین ڈالر چلے گئے۔جس کا کچھ حصہ لیکر یہ دونوں غائب ہوگئے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ لوگ شمالی جزیرے میں ایک پیٹرول پمپ چلاتے ہیں۔نیوزی لینڈ پولیس کے سینئیر سارجنٹ ڈیوڈ ہاروے نے بتایا کہ یہ جوڑا ملک سے باہر چلا گیا ہےاور اس سلسلے میں انٹر پول سے مدد لی جا رہی ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس رقم میں سے کچھ وصول کر لی گئی ہے۔یہ واقعہ نیوزی لینڈ میں واقع ایک آسٹریلیائی بینک ویسٹ پیک میں ہوا ہے۔بینک کے میڈیا ریلشن مینیجر نے بتایا کہ اس سلسلے میں ملزمان کے خلاف سول اور فوجداری قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آخر یہ حادثہ ہوا کیسے۔


















