بائیڈن: حزب اللہ کے خلاف امریکی امداد

امریکی نائب صدر جو بائیڈن
،تصویر کا کیپشنامریکی نائب صدر جو بائیڈن لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ چکے ہیں
وقت اشاعت

امریکی نائب صدر جو بائیڈن لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ چکے ہیں جہاں وہ مغربی ممالک کی حمایت رکھنے والی مخلوط حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے مذاکرات کریں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اپنے اس مختصر دورے کے دوران امریکی نائب صدر لبنان کی مسلح افواج کے لیے امریکہ کی نئی امداد کا اعلان کریں گے۔

امریکی نائب صدر کا یہ دورہ اس وقت ہو رہا تھا جب کہ لبنان کے انتخابات میں صرف دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں اور امریکہ شام کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے برخلاف مغرب نواز گروپوں کی حمایت کرتا ہے۔

جو بائیڈن لبنان آنے سے پہلے کوسوو میں تھے جہاں انہوں نے کہا کہ علاقے کی آزادی 'مطلقاً ناقابلِ تنسیخ‘ ہے۔

ان کے اس دورے میں بوسنیا ہرزگوینا اور سربیا بھی شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے اس سلسلے میں جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان میں قیام کے دوران جو بائیڈن لبنانی صدر مائیکل سلیمان، وزیراعظم فواد سینیورا اور پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بیری سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ امریکی نائب صدر لبنانی وزیر دفاع الیاس المر سے بھی ملاقات کریں گے اور اسی دوران لبنانی افواج کے لیے امریکی امداد کا اعلان کریں گے۔

لبنان کی فوجی امداد میں اضافے سے امریکہ چاہتا ہے کہ لبنانی فوج شدت پسند گروپ حزب اللہ کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ طاقتور ہو۔