افغانستان: منشیات کی ریکارڈ کھیپ برآمد

افغانستان میں امریکی فوجی حکام نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور افغان فوجیوں نےجنوبی افغانستان میں ساٹھ طالبان کو ہلاک کر کے بہت بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلمند صوبے کے مرجہ گاؤں میں چار دن کی کارروائی کے بعد یہ کامیابی حاصل کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پوست کے بانوے ٹن بیج اور دوسری منشیات قبضے میں لے لی گئی ہیں جس سے منشیات کا ایک بہت بڑا گروہ ختم کر دیا گیا ہے۔
امریکہ نے اس کارروائی میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔
تاہم افغان وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اس بارے میں معلومات اکھٹی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
طالبان نے اس بارے میں اپنا کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
ہفتے کو امریکی فوجی حکام نے کہا تھا کہ اس کارروائی کا اصل ہدف صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ سے جنوب میں مرجہ کا گاؤں ہے۔
اس بیان میں کہا گیا کہ علاقے سے لوگوں کو نکال دیا گیا تھا جس کے بعد گائڈڈ میزائل داغے گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہلمند صوبے میں پوست بہت بڑی تعداد میں کاشت کی جاتی ہے اور اس صوبے سے دنیا کو فراہم کی جانے والی منشیات کا نوے فیصد حصہ آتا ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے بہت بڑی تعداد میں گولہ بارود اور بم بنانے کا سازو سامان بھی پکڑا گیا ہے۔






















