’اسرائیل نئی بستیاں روک دے‘

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بلا استثنیٰ اپنی تمام بستیوں کی توسیع بند کر دے۔ کئی برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی انتظامیہ کی طرف سے اسرائیلی بستیوں کی تعمیر منجمد کرنے کے لیے اتنا پر زور بیان دیا گیا ہے۔
ہیلری کلنٹن کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب جمعرات کو فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کرنے والے ہیں۔
ہیلری کلنٹن نے کہا کہ امریکہ کے صدر براک اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر حال ہی میں ہونے والی ایک ملاقات میں واضح کر دیا تھا کہ تمام یہودی بستیوں کی تعمیر بند ہونی چاہیے خواہ وہ ہراول چوکیاں ہوں یا قدرتی پھیلاؤ کے تحت بننے والی عمارات۔
موجودہ بستیوں کے اندر تعمیری کام کو اسرائیلی قدرتی پھیلاؤ کا نام دیتے ہیں جو نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جاری رہے گا۔ ہراول چوکیاں وہ چھوٹی چھوٹی بستیاں ہیں جو اکثر اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کی جاتی ہیں۔
ہیلری کلنٹن نے ان سب کو بلا استثنیٰ بند کرنے کے لیے کہا ہے۔


















