جنرل موٹرز دیوالیہ ہونے کےدہانے پر

گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ’جنرل موٹرز‘ دیوالیہ ہونےکے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ کمپنی سوموار کے روز عدالتی نگرانی کی درخواست دائر کر دے گی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اگر توقع کے مطابق جنرل موٹرز نے دیوالیہ پن سے تحفظ کی درخواست دائر کر دی تو یہ امریکی تاریخ میں دیوالیہ ہونے والی سب سے بڑی کمپنی ہوگی۔
امریکی حکومت نے جنرل موٹرز کو بحران سے نکالنے کے لیے بیس ارب ڈالر کا سرمایہ لگایا لیکن کمپنی کے حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں۔جنرل موٹرز کو مزید حکومتی مدد کے لیے یکم جون تک قابل عمل بحالی پروگرام پیش کرنا تھا۔
اطلاعات کے مطابق امریکی حکومت مزید تیس ارب ڈالر جنرل موٹرز میں لگانے کا سوچ رہی ہے اور اگر ایسا ہو گیا تو کمپنی کے ستر فیصد شیرز حکومت کی ملکیت میں ہوں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ صدربراک اوباما ایک پریس کانفرنس میں جنرل موٹرز کے بارے میں کوئی اعلان کریں گے۔
مالی بحران کے سبب جی ایم کی فروخت میں زبردست کمی آئی ہے اور حکومت کی جانب سے کمپنی کو بیس بلین ڈالر کی امداد دی گئی ہے۔
جی ایم کا یورپی حصہ جو ’واکس ہال‘ اور ’اوپل‘ برانڈ کی کاریں بناتا ہے دیوالیہ ہونے سے بچ جائے گا کیونکہ ایک کنیڈین کمپنی نے جی ایم کے یورپی کاروبار کو خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔
تاہم ٹریڈ یونینوں کا خدشہ ہے کہ برطانیہ میں واکس ہال پلانٹ میں لوگوں کی ملازمتوں کو خطرہ ہے۔اس کے علاوہ بیلجیم، پولینڈ اور سپین میں بھی ملازمتیں جانے کا خطرہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی






















